آئی جی پنجاب کی زیرصدارت اجلاس، وزیر اعلی ٹریفک ایکشن پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا

3

لاہور۔25جون (اے پی پی):آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت بدھ کو وزیر اعلی ٹریفک ایکشن پلان بارے اجلاس منعقد ہوا۔ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ، ایم ڈی سیف سٹیز اتھارٹی محمد احسن یونس، ڈی آئی جی آئی ٹی منصورالحق، ڈی آئی جی ٹریفک/ پی ایچ پی، ایس ایس پی ٹریفک، تمام سی ٹی اوز،اے آئی جی ویلفیئرنے اجلاس میں شرکت کی جبکہ ڈسٹرکٹ ٹریفک افسران نے بذریعہ وڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔

ترجمان پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب نے وزیر اعلی پنجاب ٹریفک ایکشن پلان کے تحت 100 ٹاسک بارے سی ٹی اوز، ڈسٹرکٹ ٹریفک افسران ، لائسنسنگ، ٹریفک مینجمنٹ میں بہتری، حادثات میں کمی کے حوالے سے ٹریفک افسران کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ آئی جی پنجاب نے اوور لوڈڈ گڈز ٹرانسپورٹ اور مسافر گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاون جاری رکھنے کا حکم دیا ۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب ٹریفک ٹاسک بارے ڈیش بورڈ تشکیل دیا گیا ہے، ای چالاننگ ، لائسنسنگ، روڈ مینجمنٹ سمیت تمام ڈیٹا باقاعدگی سے مانیٹر کیا جائے گا، اسی طرح حادثات کے تدارک کے لئے بس ٹرمینلز، سٹینڈرڈز، گڈز ٹرانسپورٹ اڈوں پر ڈرائیورز کے لائسنس چیک کئے جائیں ،ٹریفک افسران کو باڈی کیم کی فراہمی کا دائرہ کار تمام اضلاع تک بڑھایا جائے۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ روڈز انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، تجاوزات کے خاتمے سے ٹریفک کی روانی میں بہتری آئی ہے، وزیر اعلی پنجاب 100 ٹاسک کے تحت سی ٹی اوز، ٹریفک افسران کی کارکردگی مانیٹر کی جا رہی ہے۔آئی جی پنجاب نے ڈسٹرکٹ افسران کو ہدایت کی کہ ٹریفک امور کی بہتری کے لئے فیلڈ میں نکلیں، سی ایم پنجاب ٹاسک پورا نہ کرنے اور مسلسل ناقص کارکردگی کے حامل ڈسٹرکٹ ٹریفک افسران کو عہدوں سے ہٹا دیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ ون وے کی خلاف ورزی، اوور سپیڈنگ، اوور لوڈنگ پرگاڑیاں تھانوں میں بند کریں،ٹانگے، گدھا و بیل گاڑیاں و موٹر سائیکل رکشہ ریڑھیوں کو ہرگز اہم شاہراہوں پر نہ آنے دیں۔