لاہور۔20فروری (اے پی پی):آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت جمعرات کے روزاہم اجلاس آئی جی آفس لاہور میں ہوا۔ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب، شہزادہ سلطان، اے آئی جی آر اینڈ ڈی، ساجد حسین، اے آئی جی ڈویلپمنٹ، عبداللہ لک نے شرکت کی۔ایڈیشنل آئی جی ساوتھ پنجاب، تمام آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز، یونٹس سربراہان نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ترجمان پولیس کے مطابق اس مو قع پرکے پرفارمنس انڈیکیٹرز (کے پی آئیز)، ڈویلپمنٹ پراجیکٹس، چیمپینز ٹرافی کے میچز کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
بجلی چوری، موٹرویز کے گرد باڑ چوری سمیت مختلف امور زیر بحث آئے۔لاہور سمیت صوبہ کے مختلف اضلاع میں زیر تکمیل سمارٹ پولیس سٹیشنز سمیت دیگر زیر ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا، پنجاب کے تمام ریجنز اور اضلاع کے "کی پرفارمنس انڈیکیٹرز” میں مجوزہ ترامیم اور اضافی نکات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب شہزادہ سلطان نے بجلی چوری و موٹرویز کے گرد باڑ کی چوری کے کیسز بارے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بجلی چوری کے خلاف جاری مہم کے دوران ملزمان کے خلاف اب تک 01 لاکھ 88 ہزار 800 سے زائد مقدمات درج کیے گئے، 01 لاکھ 83 ہزار 120 سے زائد بجلی چور گرفتار، 6241 کو اشتہاری قرار دیا گیا، موٹرویز کے گرد باڑ کی چوری میں ملوث 212 ملزمان گرفتار، 203 مقدمات درج کئے گے۔
گرفتار ملزمان کے قبضہ سے کروڑوں روپے مالیت کی باڑ برآمد کی گئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں، پولیس ٹیمیں بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاون میں بجلی کمپنیوں کی بھرپور معاونت جاری رکھیں،بجلی چوری، موٹر ویز کے گرد باڑ کی چوری کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لائی جائے، چوری شدہ باڑ کی خریداری میں ملوث فیکٹریوں کے مالکان کیخلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔
ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ آئی سی سی چیمپینز ٹرافی کے پیش نظر ایس ڈی پی اوز کی زیر نگرانی ٹارگٹڈ سرچ اینڈ سویپ آپریشنز جاری رکھیں، چیمپینز ٹرافی میچز کے دوران کھلاڑیوں، میچ آفیشلز سمیت شائقین کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے جائیں، سمارٹ پولیس سٹیشن، سیف سٹیز سمیت تمام ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی تکمیل مقررہ وقت میں یقینی بنائی جائے۔