لاہور۔24جون (اے پی پی):آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ بارے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب شہزادہ سلطان نے محرم الحرام کو پرامن اور محفوظ بنانے کے لئے سکیورٹی اقدامات بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں عشرہ محرم الحرام میں 38 ہزار سے زائد مجالس منعقد ہوں گی، 9 ہزار 200 سے زائد عزاداری جلوس برآمد ہوں گے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق عشرہ محرم الحرام کے دوران 2 لاکھ 32 ہزار سے زائد افسران و اہلکار سکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے، لاہور میں 28 ہزار سے زائد افسران و اہلکار محرم الحرام کی سکیورٹی پر تعینات ہوں گے ۔
صوبہ بھر میں مجالس سکیورٹی پر 53 ہزار، عزاداری جلوسوں کی سکیورٹی پر 38 ہزار سے زائد کمیونٹی رضا کار معاونت فراہم کریں گے۔ اجلاس میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے محرم الحرام کو پرامن اور محفوظ بنانے کے لئے سکیورٹی ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ آر پی اوز، ڈی پی اوز امن کمیٹیوں، مختلف مسالک کے علما کرام، عزاداری جلوسوں، مجالس کے منتظمین سے کوآرڈینیشن مکمل کریں، سینئر پولیس افسران عزاداری جلوسوں کے روٹس، امام بارگاہوں پر سکیورٹی و ٹریفک انتظامات کا خود جائزہ لیں، ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے عزاداری جلوسوں کے روٹس پر تجاوزات کا خاتمہ، روڈز پیچ ورک، سٹریٹ لائٹس اور دیگر امور یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس کو عشرہ محرم الحرام کے دوران پاک فوج، رینجرز سمیت سکیورٹی اداروں کی مکمل معاونت حاصل ہو گی۔اجلاس میں ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب وقاص نذیر، اے آئی جی آپریشنز، اے آئی جی لاجسٹکس، ڈی پی او حافظ آباد موجود تھے جبکہ آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز نےبذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔