لاہور۔21مارچ (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت سیف سٹیزاتھارٹی کے امور بارے ویڈیو لنک کانفرنس سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوئی۔ایم ڈی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی محمد احسن یونس، ڈی آئی جی آئی ٹی رانا منصور الحق، چیف آپریٹنگ آفیسر سیف سٹیز کیپٹن(ر) مستنصر فیروز، سیف سٹیز اتھارٹی میں خدمات انجام دینے والے ایس پیز اور دیگر افسران موقع پر موجود تھے جبکہ ایڈیشنل آئی جی ساوتھ پنجاب، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوزنے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔
ویڈیو لنک کانفرنس میں پنجاب ایمرجنسی آئی کمیونیکیشن فیچرز، جدید ٹیبلٹس و ایل ٹی ای ہینڈ سیٹ کی کارکردگی اور سمارٹ سیف سٹیز کی تکمیل میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر ایم ڈی سیف سٹیز اتھارٹی محمد احسن یونس نے پنجاب ایمرجنسی آئی کے اغراض و مقاصد اور افادیت بارے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب ایمرجنسی آئی محفوظ ترین کمیونیکیشن سسٹم، 15 کی کال سے منسلک، تمام پولیس ایپس، کرائم ڈیٹا اور کیس ہسٹری سے لیس ہے۔آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز کو پنجاب ایمرجنسی آئی انٹیگریٹڈ ٹیکنالوجی سے منسلک ٹیبلٹس اور ایل ٹی ای ایڈوانس ہینڈ سیٹ دیئے گئے ہیں۔ایمرجنسی ہیلپ لائن 15کی کالز پنجاب ایمرجنسی آئی کے ذریعے اب براہ راست ایس ایچ او کو موصول ہو سکیں گی۔پنجاب ایمرجنسی آئی سسٹم تمام پولیس کنٹرول رومز سے منسلک، وائرلیس اور ٹیلی فون کی سہولت بیک وقت دستیاب ہے۔
پنجاب ایمرجنسی آئی مرکزی پولیس ڈیش بورڈ سے منسلک اور سنگین کرائم ہونے کی صورت میں 04 طرح کے الرٹ جاری ہونے پر ریسپانس ٹائم بھی محفوظ کرے گا۔پنجاب ایمرجنسی آئی سسٹم میں کرائم ٹرینڈ اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس فیچرز بتدریج بہتر ہوتے جائیں گے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے صوبہ بھر میں زیر تکمیل سمارٹ سیف سٹیز پراجیکٹس پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیا اور انھوں نے کہا کہ سیف سٹیز پراجیکٹس اگلے 20 سال کے لئے جدید پولیسنگ کا واحد حل اور مستقبل ہیں۔
فیز ون اینڈ ٹو کے تحت مختلف اضلاع میں بیشتر سمارٹ سیف سٹیز پراجیکٹس تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ تمام اضلاع میں سمارٹ سیف سٹیز کی تکمیل کے بعد دائرہ کار پنجاب کی تمام 140 تحصیلوں تک بڑھایا جائے گا۔ڈی آئی جی آئی ٹی رانا منصور الحق نے سمارٹ آئی، ای گیجٹ، ٹینینٹس رجسٹریشن اور ای پولیس فورس کی مانیٹرنگ بارے بریفنگ دی۔آئی جی پنجاب نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی میں خدمات انجام دینے والے افسر جان محمد کو ترقی ملنے پر ایس پی عہدے کے رینک بھی لگائے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=575234