آئی جی پنجاب کی مختلف اضلاع کے انسپکٹرز سے ملاقات، پروموشن میں درپیش مسائل حل کروانے کی یقین دہانی کرائی

134
IG Punjab
IG Punjab

لاہور۔14جنوری (اے پی پی):آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے سنٹرل پولیس آفس میں لاہور سمیت مختلف اضلاع کے انسپکٹرز نے ملاقات کی۔ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ون سلیمان سلطان رانا سمیت سینئر افسران موجود تھے۔

ترجمان پولیس کے مطابق ملاقات کرنے والے انسپکٹرز نے آئی جی پنجاب کو پروموشن کے حوالے سے درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے انسپکٹرز کو ان کی پروموشن کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کروانے کی یقین دہانی کروائی۔ آئی جی پنجاب نے ایڈیشنل آئی جی پنجاب، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ون کو انسپکٹرز کی پروموشن میں درپیش رکاوٹیں جلد از جلد دور کرنے کی ہدایت کی۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس ملازمین کی ترقی کے حوالے سے’’کوئی آدمی پیچھے نہ رہے‘‘ کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، سنیارٹی، میرٹ اور قواعد و ضوابط پر پورا اترنے والے ملازمین کو فی الفور پروموشن دی جا رہی ہے، پیپرلیس ورکنگ کو فروغ دے کر ہیومن ریسورس مینجمنٹ سسٹم کے تحت اے سی آرز بروقت مکمل کی جا رہی ہیں۔ڈیجیٹلائز سسٹم پر ترقیوں کے نوٹیفکیشن کا عمل شروع کیا ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہےکہ 2025 بھی پروموشنز کا سال ثابت ہو گا، بھرتیوں، پروموشنز، پوسٹنگز میں شفافیت کے لئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا استعمال یقینی بنایا جا رہا ہے، فورس کا شفافیت پر مبنی سروس اینڈ پروموشن سٹرکچر، ہیومن ریسورس مینجمنٹ اینڈ ای فوس سسٹم پر اعتماد بڑھا ہے۔