آئی جی پنجاب کی پولیس ملازمین و اہل خانہ سے ملاقات ،ریلیف احکامات جاری

انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عبدالکریم نے سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ملازمین اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور مختلف درخواستوں پر فوری ریلیف کی فراہمی کے لیے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے۔

لاہور۔16جولائی (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عبدالکریم نے سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ملازمین اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور مختلف درخواستوں پر فوری ریلیف کی فراہمی کے لیے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب نے مرحوم کانسٹیبل تنویر احمد کے والد کی بقایا جات کی ادائیگی کی درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس کو فوری ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ہیڈ کانسٹیبل محمد زمان کی سرکاری رہائش کی درخواست پر اے آئی جی ڈویلپمنٹ کو معاملہ زیر غور لانے، جبکہ باربر عمار یاسر کی مالی امداد کی درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس کو ضروری کارروائی کی ہدایت کی گئی۔ترجمان کے مطابق انسپکٹر محمد کاشف کی تبادلے کی درخواست پر ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ون کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی گئی، جبکہ مرحوم اے ایس آئی شوکت علی کی بیوہ کی جانب سے بیٹے یا بیٹی کی بھرتی کی درخواست ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو غور کے لیے بھجوا دی گئی۔ ڈرائیور کانسٹیبل طارق محمود کی طبی مالی امداد کی درخواست پر ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس کو فوری ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی، جبکہ مرحوم کانسٹیبل ظفر اقبال کی بیوہ کی جانب سے بیٹے کی بھرتی کی درخواست پر بھی ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس کو ضروری کارروائی کے احکامات جاری کیے گئے۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ڈسپلن، انتظامی امور، ترقیوں اور ویلفیئر سے متعلق دیگر درخواستوں پر بھی احکامات جاری کئے۔