انسپکٹر جنرل پولیس گلگت بلتستان ڈاکٹر اکبر ناصر خان (پی ایس پی) کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں کمانڈر کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں ریجنل پولیس افسران، ضلعی پولیس افسران، مختلف یونٹس کے انچارجز اور گلگت بلتستان پولیس کے سینئر افسران نے شرکت کی
آئی جی پولیس گلگت بلتستان کی زیر صدارت کانفرنس، امن و امان، سکیورٹی اور جرائم کی روک تھام کا جائزہ

مزید خبریں
گلگت۔ 15 جولائی (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس گلگت بلتستان ڈاکٹر اکبر ناصر خان (پی ایس پی) کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں کمانڈر کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں ریجنل پولیس افسران، ضلعی پولیس افسران، مختلف یونٹس کے انچارجز اور گلگت بلتستان پولیس کے سینئر افسران نے شرکت کی۔کانفرنس میں گزشتہ فیصلوں پر عملدرآمد، امن و امان کی مجموعی صورتحال، سکیورٹی انتظامات، چینی شہریوں، غیر ملکی باشندوں اور وی آئی پیز کی حفاظت، تبادلوں، ترقیوں، پیشہ ورانہ تربیت، سیف سٹی منصوبوں، پولیس انفراسٹرکچر کی بہتری سمیت دیگر اہم انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران ہر ضلع میں جرائم کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔
آئی جی پولیس نے ہدایت کی کہ زیر التوا مقدمات کے چالان جلد از جلد عدالتوں میں جمع کرائے جائیں، منشیات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں مزید تیز کی جائیں۔اس موقع پر ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں شاباش دی اور پولیسنگ کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے آئندہ کا لائحہ عمل اور ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔ترجمان گلگت بلتستان پولیس کے مطابق کانفرنس کا مقصد پولیس کی پیشہ ورانہ استعداد میں اضافہ، امن و امان کی مؤثر بحالی اور عوام کو بہتر سکیورٹی کی فراہمی کو یقینی بنانا تھا۔








