آئی جی ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت اجلاس ،سینئر پولیس افسران کی شرکت

112

لاہور۔26مئی (اے پی پی):سنٹرل پولیس آفس میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت اجلاس کا انعقاد ہوا۔ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ریجنز کے آر پی اوز،ڈی پی اوز،آر اوز اور ڈی اوز سی سی ڈی حکام نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔آئی جی پنجاب نے سی سی ڈی کے دونوں ریجنز سمیت متعلقہ اضلاع کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔سی سی ڈی ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور کے آر اوز نے حاصل کردہ اہداف بارے بریفنگ دی۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی ڈاکٹر عثمان انور نے مشترکہ آپریشن کے دوران بوسن گینگ کا خاتمہ کرنے پر سی سی ڈی مظفر گڑھ،راجن پور اور ضلعی پولیس کی کارکردگی کو سراہا۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ سی سی ڈی اور ضلعی پولیس کی موثر کوآرڈینیشن اور کاوشوں سے ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور کے کرائم میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی ہے،سنگین جرائم کے خاتمے کیلئے ضلعی پولیس اور سی سی ڈی میں بہترین ورکنگ ریلیشن شپ وجود میں آئی ہے،ضلعی پولیس کی طرف سے سی سی ڈی کو مکمل ہیومن ریسورس،ٹرانسپورٹ،دفاتر اور لاجسٹکس فراہم کی گئی ہے۔

آئی جی پنجاب نے سی سی ڈی کو ہائی پروفائل اشتہاری مجرمان،گینگز کی گرفتاری میں مزید تیزی لانے کا حکم دیا،سی سی ڈی افسران دیئے گئے اہداف کے مطابق گرفتار ملزمان کا ریکارڈ،چالاننگ کی تمام تفصیلات اپ ڈیٹ رکھیں۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ موٹر سائیکل و مویشی چوری کی روک تھام،گم شدہ بچوں اور خواتین کی بازیابی کیلئے کوششیں مزید تیز کریں۔ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور کے کچہ کریمنلز سمیت آرگنائزڈ جرائم کا خاتمہ سی سی ڈی کی اولین ترجیح ہے،سی سی ڈی ضلعی پولیس کی معاونت سے سنگین جرائم کے خاتمے پر فوکس کر رہی ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز وقاص نذیر،ڈی آئی جی سی سی ڈی وقاص الحسن،ڈی آئی جی سی سی ڈی عمر فاروق سلامت،اے آئی جی آپریشنز زاہد نواز مروت،اے آئی جی ایڈمن اسد اعجاز ملہی نے اجلاس میں شرکت کی۔