لاہور۔30دسمبر (اے پی پی):آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر صوبے بھر میں نیو ایئر نائٹ کے سکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے گئے، ترجمان پنجاب پولیس نے ہفتہ کو بتایا کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں نیوایئر کے موقع پر 21,413 افسران اور اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی انجام دیں گے، نیوایئرکے پروگراموں کی سکیورٹی کیلئے 2312 میٹل ڈیٹیکٹرز اور ہزاروں سی سی ٹی وی کیمرے بھی استعمال ہوں گے، انہوں نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت لاہورمیں نیو ایئر پروگراموں کی سکیورٹی کیلئے 2373 افسران و اہلکار تعینات ،271 میٹل ڈیٹیکٹرز اور 236 سی سی ٹی وی کیمرے استعمال ہوں گے،
اسی طرح گوجرانوالا، راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان سمیت دیگر بڑے شہروں میں بھی نیو ایئر سکیورٹی کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، جہاں ہزاروں جوان سکیورٹی پر مامور ہوں گے، آئی جی پنجاب نے پولیس حکام کو ہدایت کی ہے کہ ہوائی فائرنگ، ہلڑ بازی اور ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں عمل میں لائیں، نیو ایئر نائٹ پر ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ کی روک تھام کیلئے سپیشل ٹیمیں تشکیل دی جائیں، تفریح کے نام پر کوئی خلاف قانون خطرناک سرگرمی ناقابل قبول اور شہریوں کی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے
،سی سی پی او لاہور، آر پی اوز اور ڈی پی اوز نیو ایئر نائٹ پر شاہرائوں پر امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے سپیشل سکواڈ تشکیل دیں،آئی جی نے مزید کہاکہ سی ٹی او لاہور سمیت تمام ڈسٹرکٹ ٹریفک افسران مصروف شاہرائواں اور مقامات پر ٹریفک روانی برقرار رکھنے کیلئے اضافی نفری تعینات کریں، شہری ون ویلنگ، اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کی 15 پر اطلاع کریں۔ نیو ایئر نائٹ کے موقع پر فیملیز، خواتین اور بچوں کی جان و مال کے تحفظ کا خاص خیال رکھا جائے،والدین اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور انہیں کسی غیر قانونی کام کا حصہ ہرگز نہ بننے دیں۔