پشاور۔ 04 دسمبر (اے پی پی):پشاور میں انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس کے زیر اہتمام افراد باہم معذوری کے عالمی دن کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کا عنوان خصوصی افراد میں موجود قیادت کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ پائیدار اور جامع مستقبل کے لیے منصوبہ بندی رکھا گیا ۔تقریب میں باہم معذور افراد کی جانب سے مختلف سٹالز لگائے گئے جس میں انہوں نے اپنے کام کو پیش کیا۔
اس موقع پر انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس پاکستان کے سربراہ نیکولس لمبرٹ نے کہا کہ آئی سی آر سی گزشتہ پانچ دہائیوں سےباہم معذور افراد کی جسمانی بحالی کے ساتھ ساتھ اپنے شراکت داروں کی مدد سے مختلف شعبہ جات میں تعاون فراہم کررہی ہے۔ جس میں مواقع فراہم کرکے انہیں معاشی طور پر مستحکم کرنا، ٹیکنکل ایجوکیشن فراہم کرنا سمیت دیگر عوامل شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سال 2012 سے اب تک ہرسال انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس باہم افراد معذوری کے عالمی دن پر تقریبات کا اہتمام کرتی ہے تاکہ معاشرے معذورافراد کی سماجی شمولیت اور انہیں درپیش چیلنجز کو اجاگر کرکے حل ڈھونڈنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ صرف سال 2024 میں ہم نے اپنے شراکت داروں کے ساتھ ملکر 7 ہزار معذور افراد کی جسمانی بحالی میں مدد فراہم کی ہے۔
دوسری جانب تقریب میں مہمانان خصوصی صدر خیبرپختونخوا چیمبر آف کامرس فضل مقیم خان،چیئرمین پاکستان ہلال احمر قبائلی اضلاع ایڈووکیٹ عمران وزیر، مینجنگ بورڈ ممبر پاکستان ہلال احمر خیبرپختونخوا ایڈووکیٹ لاجبر خان اور وائس چانسلر اسلامیہ کالج یونیورسٹی ڈاکٹر علی محمد خان یوسفزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب ملکر کہیں نہ کہیں اپنے اداروں کے ذریعے افراد باہم معذوری کے بہتر مستقبل کے لیے کوشاں ہیں تاہم یہ اقدامات مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ تقریب کے اختتام پر ایک روزہ سپورٹس فیسٹیول کے کھلاڑیوں اور آفیشلز میں انعامات تقسیم کئے گئے۔