آئی سی بی سی نے پاکستان میں یوآن کلیئرنگ سروسز کی منظوری دے دی ہے، نگراں وفاقی وزیر ڈاکٹر اعجاز گوہر

83
Gohar Ijaz
Gohar Ijaz

اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):انڈسٹریل اینڈ کمرشل بینک آف چائنا (آئی سی بی سی) نے پاکستان میں یوآن (آر ایم بی) کلیئرنگ سروسز کی منظوری دے دی ۔ نگراں وفاقی وزیر برائے تجارت ڈاکٹر اعجاز گوہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کردہ اپنے بیان میں قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آئی سی بی سی پاکستانی بینکوں کے لیے یوآن ٹرانزیکشن کلیئرنگ کی سہولت فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ نگراں وفاقی وزیر خزانہ شمشاد اختر اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر نے اس کو ممکن بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے سے سرحد پار لین دین آسان ہو جائے گا اور اس معاہدے سے دونوں ممالک کے لیے مالیاتی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی ۔ ڈاکٹر اعجاز گوہر نے مزید بتایا کہ اس معاہدے سے برآمد کنندگان کے لیے مزید نئی راہیں کھلیں گی اور چین کے ساتھ تجارت کرتے وقت کرنسی کی تبدیلی کے اخراجات بھی کم ہو جائیں گے ۔

نگراں وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ میں اپنے برآمد کنندگان کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتا ہوں کہ وہ چین کے ساتھ تجارت کے اس موقع سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھاتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان موجود اقتصادی تعلقات کو مضبوط کریں۔