31 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 24, 2025
ہومتجارتی خبریںآئی سی سی آئی اور ایف جی پی ماحول دوست کاروباری ماڈلز...

آئی سی سی آئی اور ایف جی پی ماحول دوست کاروباری ماڈلز کے فروغ کیلئے تعاون کریں گے

- Advertisement -

اسلام آباد۔23مئی (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور فریڈم گیٹ پرا سپیریٹی (ایف جی پی )کے درمیان مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو ) پر دستخط کئے گئے جس کے تحت دونوں اادارے نوجوانوں اور خواتین کیلئے کاروباری مواقع کے فروغ اور اور ”کلین اسلام آباد” کے مشترکہ مقاصد کیلئے مل کر کام کریں گے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق تقریب کا انعقاد چیمبر ہائوس میں ہوا جہاں ناصر منصور قریشی صدر آئی سی سی آئی اور محمد انور چیف ایگزیکٹو آفیسر ایف جی پی نے معاہدے پر دستخط کیے۔

اس موقع پر آئی سی سی آئی کے سابق صدر عامر وحید، ایگزیکٹو ممبرز فیصل مزمل ، عتیق الرحمان، ایڈواٗزر ٹو پریذیڈنٹ نعیم صدیقی، ایف جی پی کی بورڈ ممبرز عروج رضا صیّامی، فرحان جاوید ، شفقت عزیز اور آمنہ کیانی بھی موجود تھیں ۔معاہدے کا مقصد نوجوانوں اور خواتین کو کاروباری مواقع، مختلف یونیورسٹیوں کے اشتراک سے کاروبار اورپیشہ ورانہ مہارتوں کی تربیت، اور ماحول دوست کاروباری ماڈلز کو فروغ دینا ہے۔ اس شراکت داری کا ایک نمایاں پہلو ”کلین اسلام آباد” مہم ہے، جس کے تحت آئی سی سی آئی اور ایف جی پی مشترکہ طور پر پلاسٹک بیگز کے خاتمے اور پلاسٹک فری متبادل اشیاء کے فروغ سمیت ماحول دوست اقدامات کیلئے باہمی تعاون کریں گے۔

- Advertisement -

اس کے ساتھ ساتھ دونوں ادارے پالیسی مکالموں، تحقیق، اور افراد کی پیشہ ورانہ اہلیت بڑھانے کے پروگراموں میں اشتراک کریں گے۔دستخطوں کی تقریب کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے صدر آئی سی سی آئی ناصر ایم قریشی نے کہا کہ یہ معاہدہ جامع ترقی اور ماحول کے تحفظ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔اسلام آباد چیمبر ہمیشہ ایسے اقدامات کی حمایت کرتا ہے جو نوجوانوں اور خواتین کو بااختیار بنائیں اور پائیدار کاروباری رجحانات کو فروغ دیں۔ ایف جی پی کے ساتھ ہمارا تعاون اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ ہم ایک صاف، سرسبز اور معاشی طور پر مستحکم معاشرے کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔

ایف جی پی کے سی ای او محمد انور نے کہا کہ یہ معاہدہ باہمی تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔ ہمارا یقین ہے کہ اصل ترقی وہی ہے جو معاشی خود مختاری اور ماحولیاتی ذمہ داری کو یکجا کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آئی سی سی آئی کے ساتھ مل کر ایسے ماڈلز تشکیل دینا چاہتے ہیں جو روزگار کی فراہی کے ساتھ ساتھ تحفظ ماحول میں بھی معاون ثابت ہوں۔ دونوں اداروں نے مشترکہ طور پر اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ جامع معاشی ترقی، ماحولیاتی ہم آہنگی، اور مختلف طبقات کے ساتھ مل کر چلنے کیلئے اپنے تعاون کو عملی شکل دیں گے، تاکہ ان اقدامات سے اسلام آباد کے نوجوان، خواتین، اور چھوٹے کاروبار مستفید ہوسکیں۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600717

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں