آئی سی سی آئی اور سی سی پی آئی ٹی لیائو ننگ کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط

109
ICCI

اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) نے چائنہ کونسل فار دی پروموشن آف انٹرنیشنل ٹریڈ (سی سی پی آئی ٹی) لیاؤننگ سب کونسل کے ساتھ ایک تاریخی شراکت داری قائم کی ہے جس کے تحت دو طرفہ اقتصادیات کو بڑھانے کے لیے ایک مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے ہیں۔ منگل کو چیمبر کے جاری اعلامیہ کے مطابق اس اقدام سے دونوں ممالک میں کاروبار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور باہمی ترقی اور خوشحالی کو فروغ ملے گا۔اس موقع پر آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی نے پاکستان کی مینوفیکچرنگ صلاحیتوں اور برآمدات کو بڑھانے میں ٹیکنالوجی کی منتقلی کے اہم کردار پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قیمتی جواہرات اور پتھروں کے وسیع ذخائر موجود ہیں جن کو برآمد کر کے زرمبادلہ حاصل کیا جا سکتا ہے اس کے علاوہ دیگر شعبے جن میں آٹوموبائل، ایوی ایشن، فارماسیوٹیکل اور کان کنی جیسے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کے لیے مواقع موجود ہیں ۔صدر ناصر منصور قریشی کے مطابق غیر ملکی زرمبادلہ کمانے کی پاکستان کی فوری ضرورت کو حل کرنے کا انحصار بین الاقوامی سطح پر مسابقتی مینوفیکچرنگ پر ہے۔

انہوں نے تجویز پیش کی کہ چین پاکستان کو ادویات کی تیاری اور عالمی منڈیوں میں برآمد کرنے کے لیے ایک سٹریٹجک بنیاد کے طور پر آگے لا سکتا ہے ، بشرطیکہ مقامی طور پر جدید مینوفیکچرنگ یونٹس قائم کیے جائیں جس سے دونوں ممالک کے باہمی فائدے کو یقینی بنایا جائے۔سی سی پی آئی ٹی کے چیف نمائندے چینگ زی نے مقامی سرمایہ کاروں کو ضروری ٹیکنالوجیز کی منتقلی کے لیے تعاون کا یقین دلایا۔

انہوں نے اسلام آباد میں جیمز اینڈ جیولز ڈسپلے سینٹر کی تکمیل کا بھی اعلان کیا جو کہ ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی برآمد اور مقامی کاروباریوں اور کارکنوں کو تربیت فراہم کرنے کے لیے ایک مرکز کے طور پر کام کرے گا۔ آئی سی سی آئی کی جانب سے سینئر نائب صدر عبدالرحمٰن صدیقی، نائب صدر ناصر محمود چوہدری اور ایگزیکٹو ممبران ملک محسن خالد، اسحاق سیال، عرفان چوہدری، عمر خیام اور ذوالقرنین عباسی نے تقریب میں شرکت کی۔ یاد رہے کہ چین کا صنعتی صوبہ لیائوننگ 370 ارب ڈالر کی جی ڈی پی کے ساتھ دنیا کا تیسرا سب سے بڑا صنعتی حب ہے۔