اسلام آباد۔25اپریل (اے پی پی):جنوبی افریقہ کے لیے نامزد ہائی کمشنر ملک محمد فاروق نے کہا ہے کہ پاکستانی کاروباری افراد کے لیے جنوبی افریقہ کی مارکیٹ میں بہت مواقع موجود ہیں ، فیڈرل چیمبر ہونے کے ناطے سے آئی سی سی آئی کو ایک خاص مقام حاصل ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے دوران کیا۔ اس موقع پر ملک محمد فاروق نے آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی کے ساتھ ملاقات کی۔
اجلاس میں سینئر نائب صدر عبدالرحمن صدیقی، نائب صدر ناصر محمود چوہدری، ایگزیکٹو ممبران عمران منہاس، وسیم چوہدری اور سیکرٹری جنرل غلام مرتضیٰ نے بھی شرکت کی۔نامزد ہائی کمشنر نے دوست ممالک کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے آئی سی سی آئی کی فعال کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ مضبوط دو طرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے جنوبی افریقہ کی کاروباری برادری کے ساتھ فعال طور پر مشغول رہیں گے۔
آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے ساتھ روایتی اور غیر روایتی دونوں شعبوں میں تجارتی اور سرمایہ کاری کی شراکت داری کو بڑھانے کے مواقع موجود ہیں۔ صدر قریشی نے جنوبی افریقہ کو پاکستانی کاروبار کے لیے ایک امید افزا منزل قرار دیا، جہاں فارماسیوٹیکل، زراعت، سیاحت اور دیگر شعبوں میں تعاون کی صلاحیت موجود ہے۔
انہوں نے اہم پاکستانی برآمدات جیسے کہ ٹیکسٹائل، چاول اور کھانے کی مصنوعات پر روشنی ڈالی اور سفارت خانے پر زور دیا کہ وہ مارکیٹ کی طلب بارے نشاندہی کرے اور اس کا اشتراک کرے تاکہ مقامی برآمد کنندگان کو جنوبی افریقہ میں مضبوط قدم جمانے میں مدد ملے۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان کاروباری اور سرمایہ کاری کے تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے کاروباری وفود کے تبادلوں میں سہولت فراہم کرنے اور بی ٹو بی اور پی ٹو پی میٹنگز کے انعقاد کے لیے آئی سی سی آئی کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587879