اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) اور وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس نے رواں سال دسمبر میں مشترکہ طور پر اسلام آباد میں پہلی انٹرنیشنل ہائوسنگ ایکسپو منعقد کرنے پر اتفاق کیا ہے۔اس سلسلے میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری اور وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس کے سیکرٹری افتخار علی شلوانی نے وزارت میں منعقدہ ایک تقریب میں مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس کے سیکرٹری افتخار علی شلوانی نے کہا کہ تمام بڑے بین الاقوامی اور قومی ڈویلپرز، بلڈرز اور رئیل اسٹیٹ انٹرپرائزز کو ایکسپو میں اپنے پروجیکٹس کی نمائش کے لیے مدعو کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپو پاکستان میں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے اورمعاشی سرگرمیوں کو بحال کرنے میں معاون ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عام آدمی کے لیے مناسب رہائش تک رسائی کو آسان بنانا چاہتی ہے لہذا ایکسپو کا بنیادی مقصد عوام کی ہائوسنگ ضروریات کو پورا کرنا اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایکسپو شہری تعمیر نو کی اسکیموں کو فروغ دینے ، قومی شہری انفراسٹرکچر کو ترقی دینے اور عام آدمی کے لیے سستی گرین انرجی ہائوسنگ کو فروغ دینے میں مفید ثابت ہو گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزارت ہائوسنگ اور آئی سی سی آئی کا باہمی تعاون ایکسپو کو ایک انتہائی کامیاب ایونٹ بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی آئی اسلام آباد میں پاکستان کی سب سے بلند ترین عمارت تعمیر کرنے کا ارادہ رکھتا ہے اور اس کے منصوبے کا اعلان انٹرنیشنل ہائوسنگ ایکسپو کے دوران کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بلند ترین ٹاور پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ دے گا اور اسلام آباد کو مالیاتی و کاروباری سرگرمیوں کا مرکز بنا ئے گا جیسا کہ متحدہ عرب امارات میں برج خلیفہ کی تعمیر سے ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے سرمایہ کار اسلام آباد میں بلند عمارتوں کی تعمیر میں دلچسپی رکھتے ہیں تاہم اس مقصد کیلئے ضروری ہے کہ سی ڈی اے اپنے بلڈنگ بائی لاز میں ترامیم کر کے اونچی عمارتوں کی تعمیر کی حوصلہ افزائی کرے۔ انہوں نے کہا کہ بلند عمارتوں کی حوصلہ افزائی وفاقی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں سستی رہائش کے مسئلے کا بہترین حل ہے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی انٹرنیشنل ہائوسنگ ایکسپو کو کامیاب بنانے میں وزارت ہائوسنگ کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا۔چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید، نائب صدر اظہر الاسلام ظفر، گروپ لیڈر خالد اقبال ملک، سابق صدور خالد جاوید، ظفر بختاوری، محمد اعجاز عباسی اور شیخ عامر وحید سمیت ایگزیکٹو ممبر امیر حمزہ اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔