اسلام آباد۔28مارچ (اے پی پی):ہانگ کانگ شانڈونگ چیمبر آف کامرس کے ایک اعلیٰ سطحی 10 رکنی وفد نے جمعہ کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کا دورہ کیا تاکہ پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون کی راہیں تلاش کی جاسکیں۔آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی، سینئر نائب صدر عبدالرحمان صدیقی اور نائب صدر ناصر محمود چوہدری سے ملاقات کے دوران چینی وفد نے کاروباری تعاون کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
چینی نمائندوں نے پاکستان کو ایک امید افزا مارکیٹ قرار دیا اور باہمی فائدے کے لئے اپنی مصنوعات متعارف کرانے کا ارادہ ظاہر کیا۔ انہوں نے اپنے پاکستانی ہم منصبوں کی جانب سے مہمان نوازی اور تعاون کی تعریف کی اور کاروباری تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم پر زور دیا۔وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی نے مہمانوں کو دارالحکومت کے اہم چیمبر کے طور پر آئی سی سی آئی کے کردار کے بارے میں آگاہ کیا جو صنعت، تجارت اور خدمات کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے 15,000 کاروباری افراد کی نمائندگی کرتا ہے۔
انہوں نے پاکستان کی برآمدات کی بھرپور صلاحیت کو اجاگر کیا جس میں معدنیات، قیمتی پتھر، ماربل، گلابی نمک اور دواسازی جیسے وسائل شامل ہیں۔صدر آئی سی سی آئی نے چینی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ پاکستان کے صنعتی انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کرنے میں سرمایہ کاری کریں، برآمدی معیار کے سامان کی تیاری کے فوائد اور مقامی مہارتوں کو بڑھانے کے لئے تکنیکی تربیت فراہم کرنے پر زور دیا جس سے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ چینی سرمایہ کار پاکستان کو اپنی مصنوعات کی تیاری اور عالمی منڈیوں میں برآمد کرنے کے لئے ایک سٹریٹجک مرکز کے طور پر استعمال کر سکتے ہیں۔ مشترکہ منصوبوں کے ذریعے تعاون کرکے ہم دونوں فریقوں کے لئے ترقی کے بے پناہ امکانات کو کھول سکتے ہیں۔فریقین نے بہتر مواصلات، وفود کے تبادلے اور ورچوئل میٹنگز کے ذریعے تعلقات کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع کو مزید فروغ دینے کے لئے ان کی متعلقہ مصنوعات کی نمائش کے انعقاد کے منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577073