24.9 C
Islamabad
بدھ, ستمبر 3, 2025
ہومتجارتی خبریںآئی سی سی آئی کا وفد بی او سی ، گلوبل گیٹ...

آئی سی سی آئی کا وفد بی او سی ، گلوبل گیٹ وے ایوارڈ کیلئے کوالالمپور پہنچ گیا، ملائیشیا کے ساتھ اقتصادی تعلقات کےفروغ کیلئے پرعزم ہیں، ناصر منصور قریشی

- Advertisement -

اسلام آباد۔25اگست (اے پی پی):مختلف اقتصادی شعبوں کی نمائندگی کرنے والے 80سے زائد ممتاز تاجروں اور سرمایہ کاروں کا ایک اعلیٰ سطحی وفد کاروباری مواقع کانفرنس (بی او سی ) اور آئی سی سی آئی گلوبل گیٹ وے ایوارڈ۔2025 میں شرکت کے لئے کوالالمپور پہنچ گیا ۔ آئی سی سی آئی سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام کوالالمپور میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا جائے گا جس کا مقصد پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان قریبی تعاون، ثقافتی تبادلوں اور سیاحت کو فروغ دینا ہے۔ وفد کی روانگی کے موقع پر آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی نے وفد کے شرکاء کو مشورہ دیا کہ وہ دنیا کے سامنے پاکستان کی حقیقی کاروباری صلاحیت کو اجاگر کرنے کے اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھائیں۔واضح رہے کہ ایوارڈز کی تقریب میں ملائیشیا کے نائب وزیر اعظم، ملاکا کے گورنر، دونوں ممالک کے وفاقی وزراء، سرکردہ سی ای اوز، سفارتکار، مقامی رہنما اور سینئر میڈیا پروفیشنلز سمیت اعلیٰ شخصیات کی شرکت کی توقع ہے۔

اس پروگرام میں خصوصی بی 2 بی نیٹ ورکنگ سیشنز، سرمایہ کاری میچ میکنگ اور کاروباری مکالمے منعقد کئے جائیں گے جس کے لئے ملائیشیا کی حکومت، بین الاقوامی کاروباری رہنماؤں اور پاکستان ہائی کمیشن ملائیشیا کی حمایت حاصل ہے ۔ کاروباری معاملات کے ساتھ ساتھ تفریحی پروگراموں کے ذریعے ملائیشیا کے ورثے اور ثقافت کو بھی دریافت کیا جائے گا ۔ صدر ناصر منصور قریشی نے مزید کہا کہ یہ اہم اقدام پاکستانی کاروباری اداروں کے لئے سٹریٹجک اتحاد بنانے، مشترکہ منصوبوں کو محفوظ بنانے اور اقتصادی سفارت کاری کو مضبوط بنانے کے لئے ایک طاقتور برانڈنگ پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ موقع پاکستانی مصنوعات کو فروغ دینے اور ملائیشین ہم منصبوں کے ساتھ دیرپا شراکت داری قائم کرنے کے لیے بڑا اہم ہے۔آئی سی سی آئی کے وفد کی قیادت سینئر نائب صدر عبدالرحمان صدیقی کر رہے ہیں، نائب صدر ناصر محمود چوہدری ایگزیکٹو ممبران اور دیگر افراد گروپ میں شامل ہیں ۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں