اسلام آباد۔27دسمبر (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے وفد نے آذربائیجان کے سفارت خانے کا دورہ کر کے آذربائیجان کے ہوائی جہاز کے المناک حادثے پر تعزیت کا اظہار کیا کہ جس میں متعدد مسافر جاں بحق ہو گئےتھے۔آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف سے ملاقات کے دوران آئی سی سی آئی کے قائم مقام صدر ناصر محمود چوہدری نے گہرے دکھ کا اظہار کیا اور مرحومین کی روح کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی۔ انہوں نے غمزدہ خاندانوں کے لیے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔
انہوں نے آذربائیجان کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا جو مشترکہ مذہبی اور ثقافتی اقدار پر مبنی ہیں۔سفیر خضر فرہادوف نے وفد کے دورے پر تہدل سے شکر کا اظہار کرتے ہوئے اس دورے کو مشکل وقت میں حقیقی دوستی اور یکجہتی کی علامت قرار دیا۔آئی سی سی آئی کے وفد میں سینئر نائب صدر عبدالرحمان صدیقی، ایگزیکٹو ممبران ذوالقرنین عباسی، ملک محسن خالد و دیگر شامل تھے۔