دبئی۔30دسمبر (اے پی پی):قومی ٹیم کے بلے باز فواد عالم کی نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شاندار بیٹنگ پر آئی سی سی اور نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے تعریف کی گئی ۔ بدھ کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین پہلے ٹیسٹ میچ کے بعد آئی سی سی کی جانب سے سوشل میڈیا پر فواد عالم کی دو تصاویر شیئر کی گئیں اور ایک تصویر 2009ء کی ہے جب فواد عالم نے اپنے کیریئر کے پہلے میچ میں سنچری سکور کی تھی اور دوسری نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کی جس میں انہوں نے 11 برس بعد سنچری بنائی ہے۔ آئی سی سی نے سوشل میڈیا پر فواد عالم کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ "کبھی ہار نہ مانی۔” نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے بھی فواد عالم کی سنچری پر ان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ان کی 236 گیندوں اور 353 منٹ کی بیٹنگ میں بہت مہارت اور لگن شامل ہے۔ واضح رہے فواد عالم دوسری اننگز میں جب بیٹنگ کے لئے وکٹ پر آئے تو پاکستانی ٹیم مشکلات کا شکار تھی۔ انہوں نے کپتان محمد رضوان کے ساتھ مل کر 165 رنز کی شراکت قائم کی۔ اس وقت ایسا لگ رہا تھا کہ پاکستان میچ ڈرا کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔ فواد عالم نے 269 گیندوں پر 102 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور وہ 396 منٹ تک وکٹ پر موجود رہے۔