آئی سی سی رینکنگ ، انگلش کرکٹر جو روٹ ٹیسٹ کے نمبر ون بیٹر بن گئے

153
ICC
ICC

دبئی۔21جون (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)نے کھلاڑیوں کی نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی ہے، انگلینڈ کے جو روٹ پانچ درجہ ترقی کے بعد نمبرون اور کیوی کپتان کین ولیمسن دو درجہ ترقی کے بعد دوسری پوزیشن پر آگئے ہیں۔ بدھ کو آئی سی سی نے آسٹریلیا اور انگلینڈ کے مابین پہلے ایشز ٹیسٹ میچ کے اختتام کے بعد کھلاڑیوں کی تازہ ترین ٹیسٹ ریکنگ جاری کی ہے جس کے مطابق پہلے ایشز ٹیسٹ میں شکست کے باوجود انگلش بیٹرز کی رینکنگ میں نمایاں بہتری ہوئی ہے جبکہ آسٹریلوی بیٹرز فتح کے باوجود رینکنگ میں نیچے چلے گئے ہیں۔

انگلش سٹار بلے باز جو روٹ نے ایشز ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں اپنے کیریئر کی 30 ویں سنچری اور دوسری اننگز میں 46 رنز کی اننگز کھیل کر ٹاپ پوزیشن حاصل کی۔ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن دو درجہ ترقی کے بعد دوسری پوزیشن پر آگئے ہیں۔ آسٹریلیا کے سابق نمبر ون بیٹر مارنس لبھوشینگ ٹیسٹ میں ناقص پرفارمنس کے باعث دو درجہ تنزلی کے بعد تیسری پوزیشن پر آگئے ہیں جبکہ ٹریوس ہیڈ ایک درجہ تنزلی کے بعد چوتھی پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔ پاکستان کے کپتان بابر اعظم بدستور پانچویں پوزیشن پر موجود ہیں۔

آسٹریلوی سٹار بیٹر سٹیو سمتھ چار درجہ تنزلی کے بعد چھٹی اور عثمان خواجہ ساتویں پوزیشن پر ہیں۔ ٹیسٹ بائولرز رینکنگ میں بھارت کے روی چندرن ایشون بدستور پہلے اور انگلش فاسٹ بائولر جیمز اینڈرسن دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ جنوبی افریقہ کے کگیسو رابادا ایک درجہ ترقی کے بعد تیسری اور آسٹریلوی ٹیسٹ کپتان پیٹ کمنز ایک درجہ تنزلی کے بعد چوتھی پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔ انگلش بائولر اولی روبنسن ایک درجہ ترقی کے بعد پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔