آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈکپ کیلئے پندرہ رکنی قومی سکواڈ کا اعلان

88
آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں (کل) دو وارم اپ میچ کھیلے جائیں گے

لاہور۔6ستمبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے آئی سی سی مینز ٹی-20 ورلڈکپ 2021 کے لئے ایک تجربہ کاراور متوازی پندرہ رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا ہے، یہی سکواڈ اب نیوزی لینڈ کے خلاف 5 اور انگلینڈ کے خلاف 2 ٹی -20 انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز میں بھی شرکت کرے گا۔پاکستان کو نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے خلاف مجموعی طور پر 7 ٹی -20انٹرنیشنل میچز کھیلنے ہیں، یہ میچز لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے، جو 25 ستمبر سے 14 اکتوبر تک کھیلے جائیں گے، جس کے بعد قومی کرکٹ ٹیم میگا ایونٹ میں شرکت کرے گی، جہاں اسے اپنا پہلا میچ 24 اکتوبر کو بھارت کے خلاف کھیلنا ہے۔

ڈومیسٹک پرفارمرز خوشدل شاہ اور آصف علی کی قومی ٹی -20سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے، آصف علی نے اپنا 29واں اور آخری ٹی -20انٹرنیشنل میچ اپریل میں زمبابوے کے خلاف کھیلا تھا۔ وہ 25.4 کی اوسط اور 147 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ رنز بناچکے ہیں۔خوشدل شاہ نے اپنا نواں اور آخری ٹی -20انٹرنیشنل میچ لاہور میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلا تھا۔ وہ 21 کی اوسط اور 134 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ رنز بناچکے ہیں۔انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی -20سیریز کے لیے قومی ٹیم میں شامل 19 کھلاڑیوں میں سے ارشد اقبال ، فہیم اشرف ، فخر زمان، سرفراز احمد ، شرجیل خان اور عثمان قادر اعلان کردہ 15 رکنی سکواڈ کا حصہ نہیں ہیں تاہم فخرزمان اور عثمان قادر کو شاہنواز دہانی کے ساتھ ریزرو میں شامل کیا گیا ہے۔

اعلان کردہ 15 رکنی سکواڈ میں پانچ بلے بازآصف علی ، بابر اعظم ، خوشدل شاہ ، محمد حفیظ اور صہیب مقصود ، دو وکٹ کیپر/بیٹسمین اعظم خان اور محمد رضوان ، چار آل راونڈرعماد وسیم ، محمد نواز ، محمد وسیم جونیئر اور شاداب خان اور چار فاسٹ بالرز حارث روف ، حسن علی ، محمد حسنین اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں جبکہ ریزرومیں فخر زمان، شاہنواز دھانی اور عثمان قادر شامل ہیں۔قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر محمد وسیم کا کہنا ہے کہ سکواڈ کا انتخاب کرتے ہوئے انہوں نے ٹی -20کرکٹ کے جدید دور کے برانڈ کو اپنانے اور اپنی تمام بنیادوں کا احاطہ کرنے کی کوشش کی ہے،امید ہے یہ سکواڈ آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں ، مہاراتوں اور تجربے پر اعتماد کیا ہے جو وبا کے باوجود بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں پرفارم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں،

یقینا آصف علی اور خوشدل شاہ کے نمبرز متاثر کن نمبر نہیں لیکن ان کی زبردست صلاحیتوں پرکسی کو شک نہیں، یہ دونوں کھلاڑی مڈل آرڈر بلے بازوں کے لیے ہمارے دستیاب پول میں بہترین ہیں اور یقین ہے کہ یہ دونوں اپنی عمدہ کارکردگی سے ہمیں مڈل آرڈر میں درپیش مشکلات کا حل دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ان دونوں کے علاوہ کپتان بابر اعظم ، محمد حفیظ ، محمد رضوان اور صہیب مقصود قومی کرکٹ ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ کا اہم حصہ ہوں گے ، جبکہ عماد وسیم ، محمد نواز اور شاداب خان کی صورت میں ہمارے پاس تین اعلی معیار کے اسپنرز موجود ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ اعظم خان ایک جارحانہ بیٹسمین ہیں، جو وکٹ کپینگ بھی کرتے ہیں ، جس کی وجہ سے انہیں سرفراز احمد کی جگہ سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

محمد وسیم جونیئر کو تیز رفتاربالنگ اور بڑے شاٹس مارنے کی صلاحیت کی وجہ سے فہیم اشرف پر ترجیح دی گئی ہے۔ محمد وسیم جونیئر فاسٹ بولنگ یونٹ کو مضبوط کریں گے ، جس میں حارث روف ، حسن علی ، محمد حسنین اور شاہین شاہ آفریدی بھی شامل ہیں۔جاری کردہ شیڈول کے مطابق پاکستان میں ٹی -20میچز کا آغاز شام 7 بجے ہوگا۔25 ستمبر کو پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ ، پہلا ٹی -20 انٹرنیشنل میچ،26 ستمبر کو پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ ، دوسرا ٹی -20 انٹرنیشنل میچ،29 ستمبر کو پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ ، تیسرا ٹی -0ی انٹرنیشنل میچ ،یکم اکتوبر کو پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ ، چوتھا ٹی -20 انٹرنیشنل میچ ،3 اکتوبر کو پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ ، پانچواں ٹی -20انٹرنیشنل میچ بمقام قذافی سٹیڈیم ، لاہور میں ہو گا

جبکہ13 اکتوبرکو پاکستان بمقابلہ انگلینڈ ، پہلا ٹی -20 انٹرنیشنل میچ اور14 اکتوبر کو پاکستان بمقابلہ انگلینڈ ، دوسرا ٹی -20 انٹرنیشنل میچ بمقام پنڈی کرکٹ سٹیڈیم ، راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔آئی سی سی مینز ٹی -20ورلڈکپ 2021 کا پاکستان بمقابلہ بھارت میچ بمقام دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم ، دبئی،26 اکتوبرکو پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ میچ بمقام شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم ، شارجہ،29 اکتوبر کو پاکستان بمقابلہ افغانستان ، بمقام دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم ، دبئی،2 نومبر کو پاکستان بمقابلہ اے ٹو، آئی سی سی مینز ٹی -20ورلڈ کپ بمقام شیخ زید انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم ، ابوظہبی،7 نومبر کو پاکستان بمقابلہ بی ون میچ بمقام شارجہ کرکٹ سٹیڈیم ، شارجہ،10 نومبر کو پہلا سیمی فائنل بمقام شیخ زید کرکٹ سٹیڈیم ، ابوظہبی،11 نومبر کو دوسرا سیمی فائنل بمقام دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم ، دبئی اور14 نومبر کو فائنل بمقام دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم ، دبئی میں کھیلا جائے گا۔