اسلام آباد۔5اکتوبر (اے پی پی):آئی سی سی مینز ٹی -20 ورلڈکپ میں شرکت کے لئےقومی سکواڈ 15 اکتوبر کو لاہور سے بذریعہ چارٹرڈ فلائیٹ متحدہ عرب امارات روانہ ہوگا۔ نیشنل ٹی -20میں شریک کھلاڑی ایونٹ مکمل کرنے کے بعد ایک سے دوسرے ببل میں منتقل ہوجائیں گے۔نیشنل ٹی -20ٹورنامنٹ کا فائنل 13 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔
قومی سکواڈ کے سپورٹ سٹاف میں شامل تمام ارکان 8 اکتوبر کو لاہور میں جمع ہوں گے، یہ تمام افراد لاہور کے مقامی ہوٹل میں سات روز کا قرنطینہ کریں گے۔ باؤلنگ کنسلٹنٹ ورنن فلینڈر 7 اکتوبر کو پاکستان پہنچیں گے۔ بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن یو اے ای میں قومی سکواڈ کو جوائن کریں گے۔قومی سکواڈ میں شامل تمام ارکان کو فیملیز اپنے ہمراہ یو اے ای لے جانے کی اجازت ہوگی۔