میلبورن۔26اکتوبر (اے پی پی):آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں آج بدھ کو سُپر 12 مرحلے میں آئرلینڈ نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 158 رنز کا ہدف دیا ہے۔میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں انگلینڈ ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے آئرلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، میچ کے آغاز میں بارش کے باعث میچ تاخیر سے شروع ہوا،پہلے اوور کی تیسری گیند پھینکے جانے کے بعد میلبورن میں ایک مرتبہ پھر بارش شروع ہوگئی ۔
اس وقت آئرش ٹیم کا مجموعی سکور 11 رنز تھا۔ بعدازاں میچ دوبارہ شروع ہوا اور آئر لینڈ نے 19.2 اوورز میں 157 رنز سکور کیے۔ آئرش کپتان اینڈی بالبرنی 62 رنز بنا کر نمایاں رہے۔آئرلینڈ کے لورکان ٹکر 34، کرٹس کیمفر 17، پال اسٹرلنگ 14 اور گیرتھ ڈیلانی نے 12 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی جانب سے مارک ووڈ اور لیئم لیونگسٹن نے تین ،تین وکٹیں حاصل کیں۔میگا ایونٹ میں آج بدھ کو گروپ ون کی ٹیمیں مدمقابل ہیں جس میں انگلینڈ کا مقابلہ آئرلینڈ سے جبکہ افغانستان کی ٹیم نیوزی لینڈ کا سامنا کرے گی۔میگا ایونٹ کے سپر 12 رائونڈ میں برطانوی کرکٹ ٹیم نے اپنے پہلے میچ میں افغانستان کو ہرایا تھا جبکہ آئرلینڈ کو سری لنکا سے شکست ہوئی تھی۔