نئی دہلی۔6نومبر (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کے زیر اہتمام 13ویں مینز کرکٹ ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سب سے بڑے میلے میں انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ بھارت میں جاری ہے۔ میگا ایونٹ کے 38ویں میچ میں بنگلہ دیشی ٹیم کے مایہ ناز آل رائونڈر شکیب الحسن نے آئی لینڈرز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان کرکٹ ورلڈکپ کا 38واں میچ ارون جیٹلی سٹیڈیم، دہلی میں کھیلا جارہا ہے۔دونوں ٹیمیں اب تک اِس ورلڈ کپ میں 7،7 میچز کھیل چکی ہیں، سری لنکن ٹیم دو میچز جیت سکی ہے جبکہ اس کو پانچ میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ بنگلہ دیشی ٹیم بھی 7 میچز کھیل چکی ہے اور اس کو 6 میچز میں شکست اور تاحال ایک میچ میں فتح نصیب ہوئی ہے
۔ پوائنٹس ٹیبل پر سری لنکن ٹیم 4 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔ بنگلہ دیشی ٹیم دو پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر ہے۔ میگا ایونٹ کے 38 ویں میچ میں آئی لینڈرز کو کوسل مینڈس لیڈ کر رہے ہیں جبکہ بنگلہ دیشی ٹیم کو مایہ ناز آل رائونڈر شکیب الحسن لیڈ کر رہے ہیں۔ 2023 کے آئی سی سی مینز ورلڈ کپ میں دنیائے کرکٹ کی 10 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے ایک دوسرے کے خلاف پنجہ آزمائی کریں گی، ٹورنامنٹ کا اختتام 19 نومبر کو ہوگا۔میگا ایونٹ میں شرکت کرنے والی دس ٹیموں میں میزبان بھارت ،عالمی چیمپئن انگلینڈ، پاکستان ، افغانستان، آسٹریلیا، بنگلہ دیش، نیدرلینڈز ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور سری لنکاشامل ہیں۔
آسٹریلوی ٹیم کو سب سے زیادہ 5 مرتبہ ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔ بھارت اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں دو، دو مرتبہ ٹائٹل جیت چکی ہیں جبکہ پاکستان ، انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں ایک ایک مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے۔میگا ایونٹ کا فائنل میچ 19 نومبر کو احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔