ممبئی۔2نومبر (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کے زیر اہتمام 13ویں مینز کرکٹ ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سب سے بڑے میلے میں انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ بھارت میں جاری ہے۔ میگا ایونٹ کے 33ویں میچ میں آئی لینڈرز ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز کوسل مینڈس نے میزبان بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان کرکٹ ورلڈکپ کا 33واں میچ وانکھیڈے سٹیڈیم، ممبئی میں کھیلا جارہا ہے۔
دونوں ٹیمیں اب تک اِس ورلڈ کپ میں چھ، چھ میچز کھیل چکی ہیں، بھارتی ٹیم تاحال ناقابل شکست ہے اور اس نے 6 میچ ہی جیتے ہیں پوائنٹس ٹیبل پر بھارتی ٹیم 12 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ سری لنکا نے 6 میچز میں سے اپنے 2 میچز جیتے ہیں جبکہ اس کو چار میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔پوائنٹس ٹیبل پر بھارت دوسرے اور سری لنکا ساتویں نمبر پر ہے۔ میگا ایونٹ کے 33 ویں میچ میں آئی لینڈرز کو کوسل مینڈس لیڈ کر رہے ہیں جبکہ بھارتی ٹیم کو مایہ ناز بلے باز روہت شرما لیڈ کر رہے ہیں۔ 2023 کے آئی سی سی مینز ورلڈ کپ میں دنیائے کرکٹ کی 10 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے ایک دوسرے کے خلاف پنجہ آزمائی کریں گی،
ٹورنامنٹ کا اختتام 19 نومبر کو ہوگا۔میگا ایونٹ میں شرکت کرنے والی دس ٹیموں میں میزبان بھارت ،عالمی چیمپئن انگلینڈ، پاکستان ، افغانستان، آسٹریلیا، بنگلہ دیش، نیدرلینڈز ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور سری لنکاشامل ہیں۔ آسٹریلوی ٹیم کو سب سے زیادہ 5 مرتبہ ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔ بھارت اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں دو، دو مرتبہ ٹائٹل جیت چکی ہیں جبکہ پاکستان ، انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں ایک ایک مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے۔میگا ایونٹ کا فائنل میچ 19 نومبر کو احمد آباد میں کھیلا جائے گا