چنائی ۔23اکتوبر (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کے زیر اہتمام 13ویں مینز کرکٹ ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سب سے بڑے میلے میں انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ بھارت میں جاری ہے۔ میگا ایونٹ کے 22ویں میچ میں گرین شرٹس نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان کرکٹ ورلڈکپ کا 22واں میچ چنائی کے ایم اے چدمبرم سٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے۔
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز اور کپتان بابر اعظم نے کہا کہ آج کے میچ کے لئے ایک تبدیلی کی گئی ہے اور محمد نواز کی جگہ شاداب خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ محمد نواز کو بخار ہونے کی وجہ سے آرام دیا گیا۔بابر اعظم نے کہا کہ کوشش کریں گے تینوں شعبوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں ۔
انہوں نے کہا کہ میں نے لڑکوں سے کہا ہے کوشش جاری رکھِیں۔اس موقع پر افغانستان ٹیم کے کپتان حشمت اللہ شہیدی کا کہنا تھا کہ وہ بھی ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کا ہی فیصلہ کرتے ۔انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی کہ پاکستان کو 250 تک محدود رکھیں ۔انہوں نے کہا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے، فضل الحق کی جگہ نور احمد کو لیا ہے۔ورلڈکپ کے پوائنٹس ٹیبل کی بات کی جائے تو اس وقت پاکستان پانچویں پوزیشن جبکہ افغانستان 10ویں پوزیشن پر موجود ہے۔
دونوں ٹیموں کا یہ اپنا اپنا پانچواں میچ ہے، پاکستان کو اب تک دو میں کامیابی اور دو میں شکست جبکہ افغانستان کو 1 میچ میں جیت اور تین میں ہار کا سامنا کرنا پڑا۔آج کے میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں بابر اعظم (کپتان) ہیں دیگر کھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق، امام الحق، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد، شاداب خان، اسامہ میر، شاہین آفریدی، حسن علی اور حارث رؤف شامل ہیں۔
افغانستان کی ٹیم کو حشمت اللہ شہیدی لیڈ کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں رحمان اللہ گرباز، ابراہیم زدران، رحمت شاہ، عظمت اللہ عمرزئی، اکرام علی خیل، محمد نبی، راشد خان، مجیب الرحمان، نوین الحق اور نور احمد شامل ہیں۔ 2023 کے آئی سی سی مینز ورلڈ کپ میں دنیائے کرکٹ کی 10 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے ایک دوسرے کے خلاف پنجہ آزمائی کریں گی، ٹورنامنٹ کا اختتام 19 نومبر کو ہوگا۔
میگا ایونٹ میں شرکت کرنے والی دس ٹیموں میں میزبان بھارت ،عالمی چیمپئن انگلینڈ، پاکستان ، افغانستان، آسٹریلیا، بنگلہ دیش، نیدرلینڈز ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور سری لنکاشامل ہیں۔ انگلینڈ کی ٹیم میگا ایونٹ میں ٹائٹل کے دفاع کے لئے کوشاں ہے۔