ممبئی۔15نومبر (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کے زیر اہتمام 13ویں مینز کرکٹ ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سب سے بڑے میلے میں انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ بھارت میں جاری ہےجو اپنے اختتامی مرحلے کی طرف گامزن ہے۔ میگا ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میچ میں بھارتی کپتان روہت شرما نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان کرکٹ ورلڈکپ کا پہلا سیمی فائنل میچ ممبئی کے وانکھیڈے سٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے۔بھارتی ٹیم کومایہ ناز اوپننگ بلے باز روہت شرما لیڈ کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شبمن گل، ویرات کوہلی، شریاس ایر، لوکیش راہول (وکٹ کیپر)، سوریہ کمار یادو، رویندرا جدیجا، محمد شامی، جسپریت بمراہ، کلدیپ یادیو اور محمد سراج شامل ہیں ۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم کو مایہ ناز بلے باز کین ولیمسن لیڈ کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ڈیون کونوے، راچن رویندرا، ، ڈیرل مچل، ٹام لیتھم (وکٹ کیپر)، گلین فلپس، مارک چیپ مین، مچل سینٹنر، ٹم ساؤتھی، لوکی فرگوسن اور ٹرینٹ بولٹ شامل ہیں۔بھارت اس ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے کے اپنے تمام 9 میچز جیت کر سیمی فائنل میں پہنچا ہے جبکہ نیوزی لینڈ نے پہلے مرحلے میں اپنے 5 میچز جیتے تھے۔
اس سے قبل لیگ مرحلے میں بھارتی ٹیم نے کیویز کو چار وکٹوں سے شکست دی تھی۔آج بدھ کو پہلے سیمی کے بعد ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل کل جمعرات کو آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان ایڈن گارڈنز کولکتہ میں شیڈول ہے۔دونوں سیمی فائنل جیتنے والی ٹیموں کے درمیان ورلڈ کپ کا فائنل 19 نومبر کو احمد آباد میں شیڈول ہے۔
مینز ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے روڈ ٹکر اور انگلینڈ کے رچرڈ النگورتھ فیلڈ امپائر ہیں ،تھرڈ امپائر ویسٹ انڈیز کے جوئل ولسن ،جنوبی افریقا کے ایڈرین ہولڈ سٹاک چوتھے امپائر ہیں جبکہ زمبابوے سے تعلق رکھنے والے اینڈریو پائیکرافٹ نے میچ ریفری کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔