آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ ، جنوبی افریقاکا آسٹریلیا کے خلاف دوسرے سیمی فائنل میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ

152
world cup

کولکتہ۔16نومبر (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کے زیر اہتمام 13ویں مینز کرکٹ ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سب سے بڑے میلے میں انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ بھارت میں جاری ہےجو اپنے اختتامی مرحلے کی طرف گامزن ہے۔

میگا ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میچ میں جنوبی افریقا کے کپتان ٹیمبا بووما نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان کرکٹ ورلڈکپ کا دوسرا سیمی فائنل میچ کولکتہ کے ایڈنز گارڈنز ، سٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے۔ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے جنوبی افریقا کے کپتان ٹیمبا باووما نے کہا کہ وہ 100 فیصد فٹ نہیں ہیں لیکن کھیلنے کے قابل ہیں، آج میچ کے لیے ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے۔

اس کے بعد آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے بتایا کہ ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی ہیں اور اگر ہم ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے۔جنوبی افریقا کی ٹیم کو ٹیمبا بووما لیڈ کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کوئنٹن ڈی کوک (وکٹ کیپر )، رسی وین ڈیر ڈوسن، ایڈن مارکرم، ہینرک کلاسن، ڈیوڈ ملر، مارکو جانسن، کیشو مہاراج، جیرالڈ کوٹزی، کاگیسو ربادا اور تبریز شمسی شامل ہیں ۔ آسٹریلوی ٹیم کو پیٹ کمنز لیڈ کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ٹریوس ہیڈ، ڈیوڈ وارنر، مچل مارش، سٹیون سمتھ، مارنس لیبوشین، گلین میکسویل، جوش انگلیس (وکٹ کیپر)، مچل سٹارک، ایڈم زمپا اور جوش ہیزل ووڈ شامل ہیں۔

ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے میں دونوں ٹیموں نے 9،9 میچز کھیلے تھے اور دونوں ٹیموں نے اپنے 7،7 میچز جیتے تھے۔پوائنٹس ٹیبل پر جنوبی افریقا نے دوسری اور آسٹریلیا نے تیسری پوزیشن حاصل کر کےسیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔آج (جمعرات )کے میچ کی فاتح ٹیم کا ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں بھارت سے مقابلہ 19 نومبر کو ہوگا۔واضح رہے کہ ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو شکست دی تھی۔

مینز ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں جنوبی افریقا اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے رچرڈ کیٹلبرو اور بھارت سے تعلق رکھنے والے نتن مینن فیلڈ امپائر ہوں گے ، نیوزی لینڈ کے کرس گفانے تھرڈ اور برطانوی مائیکل گف فورتھ امپائر ہوں گے۔بھارت کے جاواگل سری ناتھ آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان دوسرے سیمی فائنل میچ میں میچ ریفری ہوں گے۔

دوسری جانب آج (جمعرات کو )کولکتہ میں طوفانی بارش ہونے کا 50 فیصد امکان ہے البتہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اس سیمی فائنل میں بارش کے سبب میچ متاثر ہونے کی صورت میں ریزرو ڈے رکھا ہے۔آئی سی سی کے مطابق اگر جمعرات کو سیمی فائنل رُکا یا نہ ہوسکا تو پھر جمعہ 17 نومبر کو کھیل کا آغاز وہیں سے کیا جائے گا۔ ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں بھارتی ٹیم نیوزی لینڈ کو 70 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرچکی ہے