اسلام آباد۔18اکتوبر (اے پی پی): انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کے زیر اہتمام 13ویں مینز کرکٹ ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے 16ویں میچ میں افغانستان ٹیم کے کپتان حشمت اللہ شہیدی نے کیوی ٹیم کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان کرکٹ ورلڈکپ کا 16واں میچ ایم اے چدمبرم سٹیڈیم، چنائی میں کھیلا جارہا ہے۔میچ میں افغانستان کی ٹیم کو حشمت اللہ شہیدی لیڈ کر رہے ہیں جبکہ نیوزی لینڈ ٹیم کو مایہ ناز بلے باز ٹام لیتھم لیڈ کر رہے ہیں ۔میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم ڈیون کونوے، ول ینگ، راچن رویندرا، ڈیرل مچل، ٹام لیتھم (کپتان)، گلین فلپس، مارک چیپ مین، مچل سینٹنر، میٹ ہنری، لوکی فرگوسن اور ٹرینٹ بولٹ شامل ہیں ۔
افغانستان کی ٹیم رحمن اللہ گرباز، ابراہیم زدران، رحمت شاہ، حشمت اللہ شہیدی (کپتان )، عظمت اللہ عمرزئی، اکرام علی خیل (وکٹ کیپر)، محمد نبی، راشد خان، مجیب الرحمان، نوین الحق اور فضل الحق فاروقی پر مشتمل ہیں۔کیوی اور افغانستان دونوں ٹیمیں اب تک اس ورلڈ کپ میں تین تین میچز کھیل چکی ہیں، نیوزی لینڈ کو اب تک شکست نہیں ہوئی ہے جب کہ افغانستان نے ایک میچ جیتا ہے۔2023 کے آئی سی سی مینز ورلڈ کپ میں دنیائے کرکٹ کی 10 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے ایک دوسرے کے خلاف پنجہ آزمائی کریں گی،
ٹورنامنٹ کا اختتام 19 نومبر کو ہوگا۔میگا ایونٹ میں شرکت کرنے والی دس ٹیموں میں میزبان بھارت ،عالمی چیمپئن انگلینڈ، پاکستان ، افغانستان، آسٹریلیا، بنگلہ دیش، نیدرلینڈز ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور سری لنکاشامل ہیں۔ انگلینڈ کی ٹیم میگا ایونٹ میں ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=402544