راولپنڈی۔10جولائی (اے پی پی):آئی سی سی نے ایسٹ ایشیا پیسیفک اور ایشیا ورلڈ کپ کوالیفائرز کے شیڈول کا اعلان کر دیا۔ 2025 میں ایسٹ ایشیا پیسیفک اور ایشیا کے خطے دو اہم آئی سی سی مینز اور ویمنز کوالیفائنگ ایونٹس کی میزبانی کریں گے جو ٹی 20 ورلڈ کپ کی راہ ہموار کریں گے۔ فجی پہلی بار خواتین کے ایونٹ کی میزبانی کرے گا۔ آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ ایسٹ ایشیا پیسیفک کوالیفائر 9 سے 15 ستمبر تک فجی میں منعقد ہو گا۔ یہ اس خطے میں خواتین کا سب سے بڑا آئی سی سی ایونٹ ہو گا جس میں آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ان ٹیموں میں میزبان فجی، وینواتو، پاپوا نیو گنی، انڈونیشیا، جاپان، ساموا، کک آئی لینڈز اور فلپائن شامل ہیں۔ سیمی فائنلز اور فائنل کے بعد فاتح ٹیم آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ گلوبل کوالیفائر کے لیے کوالیفائی کرے گی۔ یہ پہلی بار ہو گا کہ فلپائن کی خواتین ٹیم کسی آئی سی سی ویمنز ایونٹ میں شرکت کرے گی۔
کرکٹ فجی کے چیف ایگزیکٹو سیتی وینی روکورو نے کہا ہے کہ یہ ہمارے لیے ایک فخر کا لمحہ ہے کہ ہم پہلی بار آئی سی سی ویمنز ایونٹ کی میزبانی کر رہے ہیں۔ آٹھ ٹیموں کی شرکت کے ساتھ یہ ایونٹ ہمارے خطے میں اب تک کا سب سے بڑا ایونٹ ہو گا۔ ہم آئی سی سی اور ای اے پی ریجنل ٹیم کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اس ایونٹ کو ممکن بنایا۔ آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ ایشیا اور ایسٹ ایشیا پیسیفک کوالیفائر کی میزبانی اومان کرے گا جس میں نو ٹیمیں شرکت کریں گی۔ ان ٹیموں میں کویت، ملائیشیا، یو اے ای، قطر، جاپان، ساموا، نیپال، پاپوا نیو گنی اور میزبان اومان شامل ہے۔ یہ ایونٹ دو مراحل پر مشتمل ہو گا۔ گروپ مرحلہ 8 تا 10 اکتوبر جبکہ سپر سکس مرحلہ 12 تا 17 اکتوبر تک کھیلا جائے گا۔ ہر گروپ میں تین ٹیمیں ہوں گی اور ہر گروپ کی سرفہرست دو ٹیمیں سپر سکس میں پہنچیں گی۔
وہاں سے ٹاپ تین ٹیمیں آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کریں گی جو بھارت اور سری لنکا میں منعقد ہو گا۔ اومان کرکٹ کے ترجمان آلکیش جوشی کا کہنا ہے کہ ہماری کوشش ہے کہ کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کریں اور شائقین کے لیے اسے ایک یادگار لمحہ بنائیں۔