دبئی۔10فروری (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی’ انگلینڈ کے کپتان جوئے روٹ بیٹنگ اور جیمز اینڈرسن بائولنگ میں تیسری پوزیشن حاصل کرلی’ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم’ حسن علی اور شاہین آفریدی کی رینکنگ میں بہتری آگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن پہلی اور آسڑیلیا کے سٹیو سمتھ دوسری پوزیشن پر برقرار ہیں جبکہ آسٹریلیا کے مارنس لبوشین اور بھارتی کپتان ویرات کوہلی تنزلی کے بعد بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم ایک درجے ترقی کے بعد چھٹے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ بائولنگ رینکنگ میں آسٹریلیا کے پیٹ کمنز پہلے اور انگلینڈ کے سٹیورٹ براڈ دوسرے نمبر پر برقرار ہیں جبکہ انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن تین درجے بہتری کے بعد تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے خلاف شاندار پرفارمنس دینے والے پاکستان کے فاسٹ بائولر حسن علی21 درجے بہتری کے بعد 32 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ بائولرز کی رینکنگ میں محمد عباس کا 12 واں نمبر ہے جبکہ شاہین آفریدی 4 درجے بہتری کے بعد 30 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ آل رائونڈرز رینکنگ میں انگلینڈ کے بین سٹوکس بدستور پہلی پوزیشن پر موجود ہیں جبکہ ویسٹ انڈین جیسن ہولڈر ترقی کے بعد دوسری پوزیشن پر آگئے ہیں جبکہ بھارت کے رویندر جدیجا تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔