آئی سی سی نے تین سابق کرکٹرز کو ہال آف فیم میں شامل کرلیا

124
ICC
ICC

دبئی۔13نومبر (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تین سابق کرکٹرز کو ہال آف فیم 2023 ء میں شامل کرلیا ہے، ہال آف فیم میں شامل تین سٹار کرکٹرز میں سابق بھارتی اوپننگ بلے باز وریندر سہواگ، سابق سری لنکن کرکٹر ارویندا ڈی سلوا اور بھارت کی ویمنز ٹیم کی سابق کپتان ڈیانا ایڈلجی شامل ہیں۔ تینوں کرکٹرز کو بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان وانکھیڈے سٹیڈیم میں ہونے والے ورلڈکپ سیمی فائنل 2023ء کے دوران اعزاز سے نوازا جائے گا۔

بھارت کے سابق جارح مزاج اوپننگ بلے باز وریندر سہواگ نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر کے دوران 104 ٹیسٹ ، 251 ون ڈے اور 19 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں میں حصہ لیا۔ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں دو مرتبہ ٹرپل سنچریاں سکور کر رکھی ہیں جبکہ ون ڈے کرکٹ میں بھی شاندار ڈبل سنچری سکور کر چکے ہیں۔ سری لنکا کے سابق سٹار کرکٹر ارویندا ڈی سلوا نے 93 ٹیسٹ اور 308 ون ڈے انٹرنیشنل میں اپنے ملک کی نمائندگی کی، وہ 1996ء ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف فائنل میچ میں 107 رنز کی بہترین اننگز کھیلی اور 3 اہم وکٹیں بھی حاصل کیں۔ ڈیانا ایڈلجی ہال آف فیم میں شامل ہونے والی پہلی بھارتی خاتون کرکٹر ہیں، وہ ویمنز ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والی دنیا کی تیسری خاتون بائولر ہیں۔ تینوں سابق کرکٹرز نے آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل کئے جانے پر آئی سی سی اور جیوری کا شکریہ ادا کیا۔