آئی سی سی نے دہائی کی بہترین ٹیم کا نہیں بلکہ آئی پی ایل ٹیم کا اعلان کیا ہے، شعیب اختر

92

راولپنڈی۔27دسمبر (اے پی پی):قومی ٹیم کے سابق فاسٹ باولر شعیب اختر نے کہا ہے کہ آئی سی سی نے دہائی کی بہترین ٹیم کا نہیں کیا بلکہ آئی پی ایل ٹیم کا اعلان کیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو اپنے یو ٹیوب چینل پر کیا۔ راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے آئی سی سی کی طرف سے دہائی کی بہترین ٹیم کے اعلان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بابراعظم ٹی ٹونٹی کے نمبر ون بلے باز اور تینوں فارمیٹ میں ٹاپ 10 میں موجود ہیں۔ ان جیسے بڑے بلے باز کو آئی سی سی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا‘ بابراعظم سے بڑا ٹی ٹونٹی کا کوئی کھلاڑی نہیں ہے۔ شعیب اختر نے کہا کہ آئی سی سی نے دہائی کی بہترین ٹیم کا اعلان نہیں کیا بلکہ آئی پی ایل کی ٹیم کا اعلان کیا ہے۔ آئی سی سی کو ٹی وی رائٹس اور سپانسرز سے مطلب ہے‘ آئی سی سی نے پیسے کمانے کے لئے متعدد لیگز کی منظوری دی۔ شعیب اختر نے کہا کہ کرکٹ کمرشلائز کرنے کی وجہ سے ماضی کی طرح کے کرکٹرز اب نہیں آرہے۔ بھارت کے سامنے آئی سی سی کی نہیں چلتی۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی یہی چاہتا ہے کہ بس صرف دو ورلڈ کپ رہ جائیں اور صرف لیگز ہی ہوتی رہیں۔ واضح رہے آئی سی سی نے دہائی کی بہترین ٹیموں کا اعلان کیا مگر ان ٹیموں میں کسی پاکستانی کھلاڑی کو شامل نہیں کیا گیا۔