آئی سی سی نے ٹی ٹونٹی پلیئرز رینکنگ جاری کردی، سری لنکن سپنر ونیندو ہسارنگا ایک مرتبہ پھر نمبر ون بائولر بن گئے

211

دبئی۔9نومبر (اے پی پی):آئی سی سی نے ٹی ٹونٹی پلیئرز کی تازہ ترین رینکنگ جاری کردی، سری لنکن سپنر ونیندو ہسارنگا ایک مرتبہ پھر نمبر ون بائولر بن گئے۔ بدھ کو آئی سی سی نے ٹی ٹونٹی پلیئرز کی نئی رینکنگ جاری کی ہے جس کے مطابق سری لنکن سٹار بائولر ونیندو ہسارنگا نے ایک مرتبہ پھر پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔

ہسارنگا نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے 8 میچوں میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے 15 وکٹیں حاصل کیں۔ ہسارنگا 704 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہیں، افغانستان کے راشد خان ایک درجہ تنزلی کے بعد 698 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر چلے ہیں۔ راشد خان نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں شاندار آغاز کے بعد آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ کو ٹاپ پوزیشن سے محروم کردیا تھا تاہم وہ زیادہ دیر تک اپنی ٹاپ پوزیشن کو برقرار نہ رکھ سکے۔

آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ 690 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر موجود ہیں۔ ٹی ٹونٹی بائولرز کی ٹاپ ٹین رینکنگ میں کوئی پاکستانی شامل نہیں ہے۔ آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی بیٹنگ رینکنگ میں بھارت کے سوریا کمار یادیو 869 پوائنٹس کے ساتھ پہلی، پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان 830 پوائنٹس کے ساتھ دوسری اور نیوزی لینڈ کے اوپننگ بیٹر ڈیون کونوے 779 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر برقرار ہیں جبکہ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم 762 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔

آل رائونڈرز رینکنگ میں بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن بدستور پہلی پوزیشن پر موجود ہیں۔ افغان ٹیم کے کپتان محمد نبی دوسری اور بھارت کے ہارڈک پانڈیا تیسری پوزیشن پر موجود ہیں۔