آئی سی سی نے ڈوپلیسی کو مبینہ بال ٹیمپرنگ الزام میں قصوروار ٹھہرا دیا، ایک ٹیسٹ سے معطلی اور جرمانے کا خطرہ

101

دبئی ۔ 18 نومبر (اے پی پی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جنوبی افریقن ٹیم کے کپتان اور بلے باز فاف ڈوپلیسی پر مبینہ طور پر بال ٹیمپرنگ کا الزام عائد کر دیا، ڈوپلیسی کے سر پر ایک ٹیسٹ سے معطلی کی تلوار لٹکنے لگی ہے اور جرمانہ بھی ادا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ڈوپلیسی پر آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران بال ٹیمپرنگ یا گیند کی شکل خراب کرنے کا الزام ہے۔ جنوبی افریقن ٹیم نے ہوبارٹ ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو اننگز اور 80 رنز سے شکست دی تھی اور 15 نومبر کو میچ ختم ہونے کے بعد ٹی وی فوٹیج میں 32 سالہ ڈوپلیسی کو مبینہ طور پر منہ میں موجود کسی مصنوعی چیز سے گیند چمکاتے دیکھا گیا تھا جس کے بعد آئی سی سی نے تحقیقات شروع کر دی تھیں۔ جمعہ کو آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ڈوپلیسی پر ورلڈ گورننگ کونسل کے ضابطہ اخلاق کی لیول ٹو کی خلاف ورزی کا الزام ہے اور انہیں ایک مصنوعی ذریعے سے گیند کی شکل کی تبدیلی کا ملزم قرار دیا گیا ہے۔