نئی دہلی۔7اکتوبر (اے پی پی):ڈی کوک، ڈوسن اور مارکرم کی شاندار سنچریوں کی بدولت جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو 102 رنز سے شکست دے کر آئی سی سی ورلڈکپ ٹورنامنٹ کاجاندار آغاز کیا، پروٹیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر ورلڈکپ کی تاریخ کا سب سے بڑا 428 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، سری لنکن ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں 44.5 اوورز میں 326 رنز بنا کر آئوٹ ہوئی،
کوسل مینڈس کی 76 ،چارتھ آسالنکا کی 79 اورشناکا کی 68 رنز کی اننگز بھی ٹیم کے کام نہ آ سکیں، مارکرم میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ بھارت میں جاری میگا ایونٹ میں ہفتہ کو دہلی میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے چوتھے میچ میں سری لنکن کپتان داسن شناکا نے ٹاس جیت کر پہلے بائولرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے مہنگا ثابت ہوا، جنوبی افریقن ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 428 رنز کا بڑا ٹوٹل قائم کیا، یہ ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا مجموعہ ہے،
ریسی وانڈر ڈوسن نے 108، ایڈن مارکرم نے 106 اور ڈی کوک نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 100رنز کی اننگز کھیلی، ڈیوڈ ملر39 اور مارکوجینسن 12 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، ہنرچ کلاسن 32 اور کپتان ٹیمباباووما 8 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، دلشان مدوشنکا نے دو جبکہ کاسن راجیتھا، متھیشا اور اور دونتھ ویلالاگے نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی، جواب میں ہدف کے تعاقب کیلئے سری لنکن ٹیم جب میدان میں اتری تو دوسرے ہی اوور میں اسے پاتھم نسانکا کا نقصان اٹھانا پڑا جو بغیر کوئی رن بنائے جانسن کی گیند پر بولڈ ہوئے،
اس موقع پر کوسل مینڈس نے جارحانہ انداز اپنایا اور ٹیم کا سکور 67 تک پہنچا دیا، یہاں پر کوسل پریرا 7 رنز بنا کر چلتے بنے، مینڈس نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے حریف بائولرز کی خوب درگت بنائی،وہ 42 گیندوں پر8 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 76 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے کے بعد ربادا کی گیند کا نشانہ بنے
، سمارا وکراما 23 اور دھنن جایا ڈی سلوا 11 رنز بنا سکے، 150 پر پانچ وکٹیں گرنے کے بعد آسالنکا نے کپتان شناکا کے ساتھ مل کر ذمہ دارانہ بیٹنگ کی تاہم 232 کے مجموعی سکور پر آسالنکا 79 رنز بنا کر نگیڈی کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، دونتھ ویلالاگے بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے،
کپتان شناکا 68 رنز بنا کر مہاراج کی گیند پر بولڈ ہوئے، راجیتھا 33 اور پتھیرانا 5 رنز بنا سکے،مدوشنکا 4 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے،اسطرح سری لنکن ٹیم 44.5 اوورز میں 326 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی،گیرالڈ کوئٹزی نے 3، مہاراج، ربادا اور جانسن نے دو، دو اور نگیڈی نے ایک وکٹ لی۔