آئی سی سی ون ڈے رینکنگ، انگلش ٹیم بدستور سرفہرست، جنوبی افریقہ چوتھے، آسٹریلیا پانچویں اور پاکستان چھٹے نمبر پر برقرار

136

دبئی ۔ 17 مارچ (اے پی پی) انگلش ٹیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ون ڈے رینکنگ میں بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہے، جنوبی افریقن ٹیم چوتھے، آسٹریلیا پانچویں اور پاکستان چھٹے نمبر پر موجود ہیں، بلے بازوں میں ڈی کوک 4 اور ڈوپلیسی ایک سیڑھی چڑھ کر ٹاپ فائیو، مارٹن گپٹل 10 درجے ترقی پا کر ٹاپ ٹین میں شامل ہو گئے، عثمان خواجہ 83 اور کرس گیل 35 درجے لمبی چھلانگ لگا کر بالترتیب 25ویں اور 41ویں نمبر پر آ گئے، بائولرز میں عمران طاہر 7 اور پیٹ کمنز 13 درجے ترقی کے ساتھ ٹاپ ٹین میں شامل ہو گئے، آل رائونڈرز میں راشد خان سرفہرست ہیں۔ اتوار کو آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین ون ڈے رینکنگ کے تحت 3 پوائنٹس کمی کے باوجود انگلش ٹیم بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہے، کینگروز کے ہاتھوں شکست کے باوجود بھارتی ٹیم دوسرے نمبر پر برقرار ہے، نیوزی لینڈ کی ٹیم تیسرے، جنوبی افریقہ چوتھے، آسٹریلیا پانچویں، پاکستان چھٹے، بنگلہ دیش ساتویں، سری لنکا آٹھویں، ویسٹ انڈیز نویں اور افغانستان دسویں نمبر پر ہیں، بلے بازوں میں کوہلی پہلے، روہت شرما دوسرے اور روز ٹیلر تیسرے نمبر پر برقرار ہیں، ڈی کوک 4، ڈوپلیسی 1 سیڑھی چڑھ کر چوتھے اور پانچویں نمبر پر آ گئے، ڈوپلیسی نے بابر اعظم کے ساتھ پانچویں پوزیشن شیئر کر لی ہے، فخر زمان ایک سیڑھی چڑھ کر آٹھویں نمبر پر پہنچ گئے، گپٹل 10 درجے ترقی پا کر نویں نمبر پر آ گئے، جوز بٹلر نے 5 ایوان مورگن نے 3 سیڑھیاں چڑھ کر 13ویں اور 17ویں پوزیشن سنبھال لی، بھارت کے خلاف سیریز میں دو سنچریاں بنانے والے عثمان خواجہ 83 درجے لمبی چھلانگ لگا کر 25ویں نمبر پر پہنچ گئے، کرس گیل 35 درجے اوپر چڑھ کر 41ویں نمبر پر آ گئے، ہٹمائر 16 درجے ترقی پا کر 23ویں، مارک سٹوئنس 15 درجے اوپر چڑھ کر 29ویں اور ایڈن مرکرم 12 درجے بہتری کے ساتھ 89ویں نمبر پر آ گئے، بائولرز میں جسپریت بمرا بدستور سرفہرست ہیں، ٹرینٹ بولٹ نے ایک سیڑھی چڑھ کر دوسری پوزیشن سنبھال لی، راشد خان تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر چلے گئے، عمران طاہر 7 اور پیٹ کمنز 13 درجے ترقی کے ساتھ چوتھے اور ساتویں نمبر پر پہنچ گئے، حسن علی ایک سیڑھی چڑھ کر 13ویں نمبر پر آ گئے، آل رائونڈرز میں راشد خان پہلے نمبر پر برقرار ہیں۔