آئی سی سی ون ڈے رینکنگ، بھارتی فاسٹ بائولر محمد سراج دنیا کے نمبرون بائولر بن گئے

164
ICC
ICC

دبئی۔20ستمبر (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)نے ون ڈے کی تازہ ترین رینکنگ جاری کردی، بھارتی فاسٹ بائولر محمد سراج ایک مرتبہ پھر نمبر ون بائولر بن گئے ہیں، بابراعظم بیٹنگ رینکنگ میں بدستور پہلی پوزیشن پر برقرار ہیں۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ون ڈے رینکنگ کے مطابق ون ڈے بیٹرز رینکنگ میں پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم پہلے نمبر پر موجود ہیں تاہم ان کے پوائنٹس863 سے کم ہو کر857 ہوگئے ہیں

جبکہ بھارتی اوپنر شبمان گل814 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ جنوبی افریقی بلے باز راسی وان ڈر داسن 743 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے جبکہ امام الحق ایک درجہ بہتری کے بعد 728 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر آگئے ہیں۔ پاکستانی اوپنر فخر زمان خراب پرفارمنس کے بعد ٹاپ ٹین سے باہر ہوکر 11 ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔ آئی سی سی ون ڈے بائولرز رینکنگ میں بھارت کے محمد سراج ایک مرتبہ پھر نمبر ون پوزیشن پر آگئے ہیں۔

انہوں نے 694 پوائنٹس کے ساتھ آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ سے پہلی پوزیشن چھین لی، ہیزل ووڈ 678 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ 677 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔ پاکستان کے فاسٹ بائولر شاہین آفریدی10 ویں نمبر پر ہیں۔

آل رائونڈرز رینکنگ میں بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن ٹاپ پوزیشن پر موجود ہیں جبکہ افغانستان کے محمد نبی دوسری اور زمبابوے کے سکندر رضا تیسرے نمبر پر ہیں۔ ون ڈے ٹیم رینکنگ میں پاکستان کرکٹ ٹیم اس وقت 115 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر ہے جبکہ بھارت 115 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور آسٹریلیا 113 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔