آئی سی سی ون ڈے رینکنگ ،ویرات کوہلی دوبارہ نمبر ون پوزیشن پر براجمان، ٹی ٹونٹی رینکنگ میں صاحبزادہ فرحان ایک درجہ بہتری کے بعد پانچویں نمبر پرپہنچ گئے

لاہور۔14جنوری (اے پی پی):بھارتی اسٹار بیٹر ویرات کوہلی شاندار کارکردگی کی بدولت چار سال سے زائد عرصے کے بعد آئی سی سی مینز ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں دوبارہ نمبر ون پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔کوہلی نے نیوزی لینڈ کے خلاف وڈودرا میں کھیلے گئے میچ میں 91 گیندوں پر میچ وننگ 93 رنز بنا کر یہ اعزاز حاصل کیا، جس کے بعد وہ اپنے ہی ساتھی …

لاہور۔14جنوری (اے پی پی):بھارتی اسٹار بیٹر ویرات کوہلی شاندار کارکردگی کی بدولت چار سال سے زائد عرصے کے بعد آئی سی سی مینز ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں دوبارہ نمبر ون پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔کوہلی نے نیوزی لینڈ کے خلاف وڈودرا میں کھیلے گئے میچ میں 91 گیندوں پر میچ وننگ 93 رنز بنا کر یہ اعزاز حاصل کیا، جس کے بعد وہ اپنے ہی ساتھی روہت شرما کو پیچھے چھوڑ گئے۔ویرات کوہلی نے اپنے کیریئر میں 11ویں مرتبہ ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔

حالیہ عرصے میں ان کی مسلسل عمدہ کارکردگی میں جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز میں 135، 102 اور ناقابلِ شکست 65 رنز جبکہ آسٹریلیا کے خلاف سڈنی میں کھیلی گئی اننگز میں 74 ناٹ آئوٹ شامل ہیں۔ سابق بھارتی کپتان پہلی بار اکتوبر 2013 میں ون ڈے رینکنگ کے ٹاپ پر پہنچے تھے اور اب تک مجموعی طور پر 825 دن نمبر ون پوزیشن پر گزار چکے ہیں، جو کسی بھی بھارتی بیٹر کے لیے سب سے زیادہ ہیں۔ آل ٹائم فہرست میں وہ دسویں نمبر پر ہیں، جہاں ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ ویوین رچرڈز 2306 دن کے ساتھ سرفہرست ہیں۔

نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل نے بھی 84 رنز کی اننگز کے بعد روہت شرما کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، جبکہ ٹاپ تین بیٹرز کے درمیان صرف 10 پوائنٹس کا فرق رہ گیا ہے، جس کے باعث آئندہ دنوں میں نمبر ون پوزیشن کی دوڑ مزید دلچسپ ہونے کا امکان ہے۔دیگر نمایاں تبدیلیوں میں کے ایل راہول ایک درجہ بہتری کے بعد 11ویں اور ڈیون کونوے تین درجے ترقی کے ساتھ 29ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ بولرز میں محمد سراج پانچ درجے ترقی کے بعد 15ویں جبکہ کائل جیمیسن 27 درجے بہتری کے ساتھ 69ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔

آئی سی سی مینز ٹیسٹ پلیئر رینکنگ میں ایشز سیریز کے آخری ٹیسٹ میں سنچریاں بنانے کے بعد ٹریوس ہیڈ اور اسٹیو اسمتھ ایک ایک درجہ ترقی پا کر بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر آ گئے ہیں۔ آسٹریلیا نے سڈنی میں پانچ وکٹوں سے فتح حاصل کر کے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سیریز 4-1 سے اپنے نام کی۔انگلینڈ کے جو روٹ نے بالآخر آسٹریلیا میں ٹیسٹ سنچری اسکور کی اور سیریز میں انگلینڈ کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر رہے، جس کے باعث وہ ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ ہیری بروک دوسری پوزیشن پر برقرار ہیں۔اسی طرح جیکب بیتھل کی 154 رنز کی اننگز نے انہیں 25 درجے ترقی دے کر 52ویں نمبر پر پہنچا دیا ہے۔

ٹیسٹ بولنگ رینکنگ میں سیریز کے بہترین کھلاڑی مچل اسٹارک نے 31 وکٹوں کی بدولت نویں سے ترقی کر کے تیسری پوزیشن حاصل کر لی ہے، جبکہ ان کی آل رائونڈ کارکردگی نے انہیں ٹاپ فائیو ٹیسٹ آل رانڈرز میں بھی شامل کر دیا ہے۔ اسکاٹ بولینڈ 20 وکٹوں کے ساتھ ساتویں نمبر پر برقرار ہیں، جبکہ مائیکل نیزر پہلی بار ٹاپ50 میں شامل ہو گئے ہیں۔ انگلینڈ کے فاسٹ بولر جوش ٹنگ کی چھ وکٹوں نے انہیں نو درجے ترقی دے کر کیریئر کی بہترین 21ویں پوزیشن پر پہنچا دیا ہے۔

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رینکنگ میں سری لنکا کے اسپنر ونندو ہسرنگا پاکستان کے خلاف ہوم سیریز میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے کے بعد تین درجے ترقی کے ساتھ دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ پاکستان کے بیٹرز صاحبزادہ فرحان ایک درجہ بہتری کے بعد پانچویں اور سلمان آغا 13 درجے ترقی کے ساتھ 41ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ اسی طرح لیفٹ آرم سیمر سلمان مرزا بھی مجموعی طور پر تین وکٹیں حاصل کرنے کے بعد 16 درجے ترقی کے ساتھ 19ویں پوزیشن پر آ گئے۔

مزید خبریں