آئی سی سی ون ڈے رینکنگ ، جنوبی افریقہ کے کیشو مہاراج نمبر ون بائولر بن گئے

109
ICC
ICC

دبئی۔14نومبر (اے پی پی):جنوبی افریقہ کے سپن بائولر کیشو مہاراج آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن پر آگئے ہیں، بیٹرز رینکنگ میں شبمان گل پہلی اور بابراعظم دوسری پوزیشن پر موجود ہیں۔

آئی سی سی نے ورلڈ کپ سیمی فائنل مرحلے سے قبل ون ڈے کی تازہ ترین رینکنگ جاری کی ہے، ورلڈ کپ میں شاندار پرفارمنس کے باعث کھلاڑیوں کی رینکنگ میں کئی بار اتار چڑھائو آیا، یکم نومبر کو پاکستانی فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی ٹاپ بائولر بنے اور ایک ہفتے بعد 8 نومبر کو بھارت کے محمد سراج نے شاہین آفریدی سے نمبرون پوزیشن چھین لی اور تقریبا ایک ہفتے سے بھی کم وقت میں جنوبی افریقہ کے سپنر بائولر کیشو مہاراج 726 پوائنٹس کے ساتھ ون ڈے کے نمبر ون بائولر بن گئے ہیں، محمد سراج ایک درجہ تنزلی کے بعد 723 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔

کیشو مہاراج نے اپنے گزشتہ تین میچوں میں 7 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اسی عرصہ کے دوران محمد سراج نے تین میچوں میں 6 وکٹیں حاصل کیں۔ جنوبی افریقی سپن بائولر ایڈم زمپا تیسری پوزیشن پر ہیں۔ بھارت کے جسپریت بمرا اور کلدیپ یادیو دو درجہ ترقی کے بعد بالترتیب چوتھی اور پانچویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔

اسی طرح بیٹرز رینکنگ میں بھارت کے شبمان گل 832 پوائنٹس کے ساتھ پہلی اور پاکستان ٹیم کے کپتان بابراعظم 824 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ جنوبی افریقہ کے اوپننگ بلے باز کوئنٹن ڈی کون ایک درجہ ترقی کے بعد تیسری اور بھارت کے سٹار بلے باز ویرات کوہلی چوتھی پوزیشن پر آگئے ہیں۔