پوچیفسٹروم۔27جنوری (اے پی پی):آئی سی سی ویمنز انڈر 19 ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو دلچسپ مقابلے کے بعد3 رنز سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا، انگلینڈ کے 100 رنز کے مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں19ویں اوور میں 96 رنز پر آئوٹ ہوگئی، ہینا باکر کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا، انگلینڈ ویمنز ٹیم کا فائنل میں بھارت کے ساتھ مقابلہ ہوگا۔
جمعہ کو سینویس پارک پوچیفسٹروم میں کھیلے گئے انڈر 19 ویمنز ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ ویمنز ٹیم کی کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 99 رنز ہی بنا پائی۔ آسٹریلین بائولرز کی شاندار کارکردگی کی بدولت کوئی انگلش بیٹر قابل ذکر پرفارمنس کا مظاہرہ نہ کر سکی۔ الیکسا سٹون ہائوس 25 اور کپتان گریس سکریوینس20 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ آسٹریلیا کی میگی کلارک، ایلا ہایورڈ اور سیانا جنجر نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
انگلینڈ کے 100 رنز کے آسان ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم 18.4 اوورز میں 96 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔ ایمی سمتھ 26 اور کلیرے 20 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ انگلینڈ کی ہینا باکر نے 10 رنز کے عوض 3 اہم وکٹیں حاصل کرکے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ گریس نے دو، ایلی، الیکسا، جوسی گروو اور ریانہ میکڈونلڈ نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ اس شاندار کامیابی کے بعد انگلش ٹیم انڈر 19 ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ گئی ہے جہاں اس کا مقابلہ بھارت کے ساتھ ہوگا۔