آئی سی سی ویمنز انڈر 19 ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاری کیلئے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ جاری

117
One Day Cricket Match
One Day Cricket Match

راولپنڈی۔8جنوری (اے پی پی):آئی سی سی ویمنز انڈر 19 ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاری کیلئے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ ہیڈ کوچ محسن کمال کی زیر نگرانی حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں جاری ہے ۔ گزشتہ روز ویمنز انڈر 19 بلیوز اور گرینز کے درمیان پریکٹس میچ کھیلا گیا جس میں گرینز نے سپر اوور میں 4 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ بلیوز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے، نجیہہ علوی نے 51 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، گرینز کی علیشہ مختیار اور میمونہ خالد نے دو ، دو وکٹیں حاصل کیں ۔

جواب میں گرینز نے بھی مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 134 رنز بنائے، کومل خان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 63 رنز بنائے، رامین شمیم اور شہر بانو نے دو ،دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔ سپر اوور میں بلیوز انڈر 19 ٹیم گرینز کے 12 رنز کے جواب میں صرف 8 رنز بنا سکی۔ بعد ازاں ہیڈ کوچ محسن کمال کی زیر نگرانی کھلاڑیوں نے فیلڈنگ، بائولنگ اور بیٹنگ کی پریکٹس بھی کی۔ پاکستانی ٹیم ویمنز انڈر 19 ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے 10 جنوری کو ملائیشیا روانہ ہو گی۔