آئی سی سی ویمنز ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ اختتامی مراحل کی طرف گامزن، سیمی فائنل لائن اپ مکمل

51

اینٹیگوا ۔ 19 نومبر (اے پی پی) آئی سی سی ویمنز ورلڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ اختتامی مراحل کی طرف گامزن ہوگیا، میگا ایونٹ کا سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوگیا، دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز، آسٹریلیا، انگلینڈ اور بھارت کی ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہیں۔ میگا ایونٹ کے دونوں سیمی فائنلز 22 نومبر کو کھیلے جائینگے۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ویمنز ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ اپنے اختتامی مراحل کی طرف گامزن ہوگیا ہے۔ میگا ایونٹ ویسٹ انڈیز میں اپنی آب و تاب کے ساتھ جاری ہے اور کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے۔ میگا ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میچ میں ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہونگی جبکہ دوسرا سیمی فائنل میچ انگلینڈ اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائیگا۔ گروپ میچز کے اختتام پر گروپ اے میں دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز اب تک ناقابل شکست رہی ہے۔ میزبان ٹیم نے اپنے گروپ میں چار میچز کھیلے اور چاروں میں ہی اس نے کامیابی اپنے نام کر کے پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن پر ہے۔