آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ ، بھارت نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 7 وکٹوں سے شکست دے دی

206
ICC
ICC

کیپ ٹائون ۔12فروری (اے پی پی):آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کے چوتھے میچ میں بھارت نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 7 وکٹوں سے شکست دے دی ، بھارت ویمن نے 150 رنز کا ہدف 19 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ، جمائمہ روڈریگز نے 53 رنز کی طوفانی اننگز کھیل کر بھارت کی جیت میں اہم کردار ادا کیا ، انہیں میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ، پاکستانی کپتان بسمہ معروف کی 68 رنز کی ناقابل شکست اننگز رائیگاں گئی ، اتوار کو نیولینڈز ، کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے گروپ 2 کے اہم میچ میں پاکستان ویمن کی کپتان بسمہ معروف نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ،

گرین شرٹس نے بسمہ معروف اور عائشہ نسیم کی شاندار بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز بنائے ، دونوں بیٹرز کے درمیان پانچویں وکٹ میں 81 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم ہوئی ، بسمہ معروف نے 55 گیندوں پر 68 جبکہ عائشہ نسیم نے 25 گیندوں 43 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی ، بھارت کی طرف سے رادھا یادیو نے دو وکٹیں حاصل کیں ، جواب میں بھارت کی خواتین ٹیم نے مطلوبہ ہدف 19 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ، جمائمہ روڈریگز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 38 گیندوں پر 53 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ، دیگر بیٹرز میں شفالی ورما 33 اور ریچا گوش 31 رنز بنا کر نمایاں رہیں ، پاکستان کی طرف سے ناشرہ سندھو نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔