ہمبنٹوٹا ۔ 18 مارچ (اے پی پی) آئی سی سی ویمن کرکٹ چیمپئن شپ میں انگلینڈ نے سری لنکا کو دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی، فاتح ٹیم نے 188 رنز کا ہدف 34ویں اوور میں 4 وکٹوں پر حاصل کیا، ایمی جونز نے 54 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی۔ پیر کو ہمبنٹوٹا میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں سری لنکن ویمن ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے، ہرشیتھا مداوی 42 رنز بنا کر نمایاں رہیں، ہارٹلے نے 3، لارا مارش اور شربسول نے 2، 2 وکٹیں لیں، جواب میں انگلینڈ ویمن ٹیم نے مطلوبہ ہدف 33.3 اوورز میں 4 وکٹوں پر پورا کیا، ایمی جونز نے 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 54 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کو کامیابی دلائی، ونفیلڈ 44 اور بیومائونٹ 43 رنز بنا کر آئوٹ ہوئیں، اینوشی فرننڈو نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔