لاہور۔29مئی (اے پی پی):آئی سی سی ٹی ٹونٹی ویمنز پلیئرز رینکنگ میں پاکستان کی سپنر سعدیہ اقبال نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی بائولنگ رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔ اس اعزاز کے موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سعدیہ اقبال سے ملاقات کی اور انہیں اس بڑی کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی۔
ترجمان پی سی بی کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ سعدیہ اقبال کا یہ اعزاز پاکستان کے لیے باعث فخر ہے، آپ نے اپنی بہترین کارکردگی اور پروفیشنل اپروچ سے دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آپ پاکستان ویمنز کرکٹ کی سٹار ہیں اور ملک کا نام روشن کر رہی ہیں اور پوری قوم کو آپ کی اس کامیابی پر فخر ہے۔اس موقع پر چیئرمین پی سی بی نے سعدیہ اقبال کو ٹی ٹونٹی ورلڈ نمبر ون بائولر کی شرٹ پیش کی اور ان کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ ورلڈ کپ میں بھی آپ اپنی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھیں گی اور مزید کامیابیاں سمیٹیں گی۔سعدیہ اقبال نے چیئرمین پی سی بی کی جانب سے اس حوصلہ افزائی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ میں بھی میں اپنی بہترین کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کروں گی۔اس موقع پر پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد اور ہیڈ آف ویمنز کرکٹ رافعہ حیدر بھی موجود تھیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=602685