آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ موسٹ ویلیوایبل ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان ،بابراعظم کپتان مقرر،بھارت کا کوئی کھلاڑی جگہ نہ بنا سکا

77

دبئی۔15نومبر (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ موسٹ ویلیوایبل ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان کر دیا، سٹار پاکستانی بلے باز بابراعظم کو ٹیم کا کپتان بنا دیا گیا جبکہ فاسٹ باﺅلر شاہین شاہ آفریدی 12ویں کھلاڑی ہیں البتہ بھارت کا کوئی بھی کھلاڑی ٹیم میں جگہ نہ بنا سکا۔

پیر کو آئی سی سی نے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ ختم ہونے کے ایک دن بعد ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان کیا، آسٹریلیا نے میگا ٹورنامنٹ کے فائنل میں نیوزی لینڈ کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر پہلی مرتبہ ٹی ٹونٹی عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ کمنٹیٹرز، سابق بین الاقوامی کھلاڑیوں اور صحافیوں پر مشتمل ٹیم نے ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا انتخاب کیا ہے، بابراعظم کو ٹیم کا کپتان بنا دیا گیا ہے، آسٹریلوی بلے باز ڈیوڈ وارنر اوپنر ہوں گے جبکہ انگلینڈ کے جوزبٹلر کو وکٹ کیپر بنا دیا گیا ہے جو وارنر کے ساتھ اوپنر ہوں گے۔

کپتان بابراعظم تیسرے نمبر پر بیٹنگ کریں گے، اسی طرح سری لنکا کے چارتھ آسالنکا اور جنوبی افریقہ کے ایڈن مرکرم بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر کے بلے باز ہوں گے، انگلینڈ کے معین علی کو چھٹے نمبر پر بیٹنگ کیلئے چنا گیا ہے، آسٹریلیا کے جوش ہیزلووڈ، نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ اور جنوبی افریقہ کے اینرچ نورٹج کو فاسٹ باﺅلرز جبکہ سری لنکا کے وانندو ہسارنگا اور آسٹریلیا کے ایڈم زمپا کو آف سپنرز کے طور پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

پاکستانی فاسٹ باﺅلر شاہین آفریدی بارہویں کھلاڑی ہیں۔ آئی سی سی کی طرف سے اعلان کردہ ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں کپتان بابراعظم، ڈیوڈ وارنر، جوز بٹلر، چارتھ آسالنکا، ایڈم مرکرم، معین علی، وانندوہسارنگا، ایڈم زمپا، جوش ہیزلووڈ، ٹرینٹ بولٹ اور اینرچ نورٹج شامل ہیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی کو بارہویں کھلاڑی کے طور پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔