آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ، پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 33 رنز سے شکست دے دی، شاداب خان کی آل رائونڈ کارکردگی

293

سڈنی۔3نومبر (اے پی پی):آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے اہم میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 33 رنز سے شکست دے دی، بارش سے متاثرہ میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم مقررہ 14 اوورز میں 142 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 108رنز بنا پائی، شاداب خان کو شاندار پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ جمعرات کو سڈنی کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے 36ویں میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔

قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے۔ پاکستان کی اننگز کا آغاز ایک مرتبہ پھر مایوس کن رہا جب 43 کے مجموعی سکور پر 4 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے، محمد رضوان 4، کپتان بابراعظم 6، اور شان مسعود 2 رنز بنانے کے بعد آئوٹ ہوئے۔ فخر زمان کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے محمد حارث نے 11 بالوں پر 28 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس کے بعد افتخار احمد نے محمد نواز کے ساتھ مل کر ٹیم کے سکور کو آگے بڑھایا۔ محمد نواز 28 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، نواز کے آئوٹ ہونے کے بعد شاداب خان نے افتخار احمد کا بھرپور ساتھ دیا، دونوں بیٹرز نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کے سکور تیزی سے آگے بڑھایا۔ افتخار احمد نے 35 بالوں پر 51 اور شاداب خان نے 22 بالوں پر 52 رنز کی اننگز کھیلی۔

جنوبی افریقہ کے فاسٹ بائولر اینرچ نورکیا نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ پارنل، رابادا، لونگی نگیدی اور تبریز شمسی نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ جنوبی افریقہ نے پاکستان کے 186 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اننگز شروع کی تو اسے ابتدا میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اوپننگ بیٹر کوئنٹن ڈی کوک صفر اور ریلی روسو 7 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے۔ اس کے بعد کپتان ٹمبا باووما نے اننگز کو آگے بڑھایا، وہ 36 رنز بنا کر شاداب خان کا شکار بنے۔ جنوبی افریقہ نے 9 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 69 رنز بنائے تھے کہ بارش کی وجہ سے میچ کو روکنا پڑا۔

کچھ دیر بعد دوبارہ میچ شروع ہوا تو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت جنوبی افریقہ کو 14 اوورز میں 142رنز کا ہدف ملا۔ جس کے مطابق جنوبی افریقہ کو آخری 5 اوورز میں جیت کے لیے 74 رنز درکار تھے تاہم پاکستانی بائولرز کی شاندار کارکردگی کی بدولت جنوبی افریقہ کی ٹیم مقررہ اووز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 108 رنز بنا پائی۔

ایڈن مارکرم 20، ہینرچ کلاسین 15 اور ٹرسٹان سٹبز 18 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، ان کے علاوہ کوئی بیٹر قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکا۔ پاکستان کے فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی نے 14 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں، شاداب خان نے 16 رنز کے عوض 2 جبکہ نسیم شاہ، حارث رئوف اور محمد وسیم نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ آل رائونڈر شاداب خان کو شاندار پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

اس فتح کے بعد قومی ٹیم گروپ بی کے پوائنٹس ٹیبل پر 4 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر آگئی ہے جبکہ جنوبی افریقہ 5 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔