کنگسٹن۔15جون (اے پی پی):آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ نے نیپال کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے ہرا کر مسلسل چوتھی کامیابی حاصل کر لی ۔ 116 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیپال کی ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر 114 رنز بنا سکی ۔ جنوبی افریقہ کے تبریز شمسی نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 4 وکٹیں حاصل کیں ، انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا ۔
کنگسٹن میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے 31 ویں میچ میں جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 115 رنز بنائے ، ریزا ہینڈریکس نے 43 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، ٹرسٹن اسٹبز 27، ایڈن مارکرم 15 اور کوئنٹن ڈی کوک 10 رنز بنا سکے ۔ نیپال کی جانب سے کوشل بھرٹیل نے چار اور دیپندرا سنگھ نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ،
نیپال کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور اس نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 114 رنز بنائے۔ نیپالی بیٹرز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کھیل کو سنسنی خیز بنا دیا اور میچ کا فیصلہ آخری گیند تک لے گئے۔ آصف شیخ نے 42 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی ، انیل شاہ 27 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹر رہے ۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے تبریز شمسی نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 19 رنز کے عوض چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، اینرخ نوکیا اور ایڈن مارکرم نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی، جنوبی افریقہ نے گروپ کے چاروں میچز جیت کر ناقابل شکست رہنے کا اعزاز حاصل کیا ۔