کراچی۔30اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)محسن نقوی نے نیشنل بینک کرکٹ سٹیڈیم کراچی کا دورہ کیا۔آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے قبل نیشنل بینک کرکٹ سٹیڈیم کراچی کی اپ گریڈیشن کا ٹاسک،نیشنل بینک کرکٹ سٹیڈیم اپ گریڈیشن پراجیکٹ تیزی سے آگے بڑھنے لگا۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پراجیکٹ پر پیش رفت کاجائزہ لیااور سٹیڈیم میں جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نےاپ گریڈیشن پراجیکٹ کا مشاہدہ کیا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سکور سکرین کو مناسب جگہ نصب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سکور سکرین کی وجہ سے شائقین کرکٹ کو میچز دیکھنے میں مشکل پیش آتی ہے لہذا سکرین کو اونچائی پر نصب کیا جائے تاکہ شائقین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے شائقین کرکٹ کی سہولت کیلئے پارکنگ ایریا کو سٹیڈیم کے قریب کرنے کی ہدایت کی۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ اپ گریڈیشن پراجیکٹ پر کام مزید تیز کیا جائے۔دن رات ایک کر کے منصوبے کو وقت سے قبل مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دنیائے کرکٹ کی ٹاپ ٹیمیں چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے لئے آ رہی ہیں۔
پاکستان کے لئے چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد ایک اعزاز ہے۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ایف ڈبلیو او کے حکام کو پراجیکٹ کی بروقت تکمیل کے لیے ہدایات دیں۔ایف ڈبلیو او کے حکام نے اپ گریڈیشن پراجیکٹ پر ہونے والی پیش رفت کے بارے بریفنگ دی۔ایڈوائزر عامر میر، مینجر نیشنل بینک کرکٹ سٹیڈیم ارشد خان اور ایف ڈبلیو او کے اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔